ڈینگی کیسز ، سالوں کی محنت کابیڑاغرق کردیا:حمزہ
حکمرانوں کی نااہلی،انتظامات نہیں کئے ، شہباز ماڈل کی پیروی کر لیں
لاہور (سپیشل رپورٹر)پنجاب میں ڈینگی کے بڑھتے کیسز پر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں حکمرانوں کی نااہلی کے سبب ڈینگی ایک بار پھر سر اٹھا رہا ہے ۔ لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہر اس کی زد میں ہیں، پنجاب حکومت نے رواں سال ڈینگی کی روک تھام کے لیے خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے ، ڈینگی ٹیموں نے لاروا تلف کیا اور نہ ہی سپرے کر ایا ۔ شہباز شریف کے دور میں ڈینگی کے خلاف باقاعدہ دن رات جنگ لڑ کر اسے قابو کیا گیا تھا،اس حکومت نے تین سالوں میں اپنی نا اہلی کے سبب سالوں کی محنت کا بیڑا غرق کر دیا ، اب تک ڈینگی کے 693 کیسز سامنے آ چکے ہیں ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 114 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،صرف لاہور میں 582 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں ۔حکومت پنجاب ڈینگی لاروا تلف کرنے اور اس کی افزائش کے خاتمے کے لئے شہباز شریف ماڈل کی پیروی کر لے ۔