افغانستان کو زمینی راستے سے امداد کی ترسیل شروع
پاکستان نے 13 ٹرکوں پر مشتمل 278 ٹن امدادی سامان بھجوادیا ، پاک افغان تعاون فورم نے بھی امدادی سامان کے 17ٹرک بھجوائے
اسلام آباد،خیبر(وقائع نگار،نمائندہ دنیا) پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانستان کو زمینی راستے سے امداد کی ترسیل شروع کردی۔ پاکستان نے گزشتہ روز براستہ طورخم بارڈر 13 ٹرکوں پر مشتمل 278 ٹن امدادی سامان افغانستان بھیجا ہے جس میں آٹا، چینی، خوردنی تیل، دالیں اور چاول شامل ہیں۔ جلال آباد میں پاکستانی قونصل جنرل عابداللہ نے امدادی سامان وصول کیا۔ ترجمان پاکستانی سفارتخانہ کے مطابق جلد افغان عوام کیلئے کمبل اور خیمے بھی بھیجے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں پاک افغان تعاون فورم کی جانب سے بھی 300 ٹن خوردنی اشیا سے لدھے 17 ٹرک افغانستان روانہ کئے گئے ہیں۔ فورم کے چیئرمین حبیب اللہ خٹک نے بتایا امدادی سامان میں 65 ٹن چینی، 3 ٹن دالیں، 190 ٹن آٹا، 11 ٹن کوکنگ آئل اور 31 ٹن چاول شامل ہیں۔