مہنگائی کیخلاف اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کا احتجاج

مہنگائی کیخلاف اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کا احتجاج

خواتین خالی ہانڈیاں اٹھالائیں، نعرے ،حکومت کوگھربھیج کردم لیں گے ، اے این پی کے پشاور ، ڈی آئی خان میں مظاہرے ، جے یوآئی کی بھی ریلی

اسلام آباد،پشاور(اپنے رپورٹرسے ،نیوزایجنسیاں) پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور عوامی نیشنل پارٹی نے ملک کے مختلف شہروں میں مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے ، آب پارہ میں پیپلزپارٹی کے مظاہرے میں خواتین خالی ہانڈیاں لے آئیں۔ آب پارہ چوک میں پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری نیئر حسین بخاری کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سبط الحیدر بخاری، نرگس فیض ملک اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے ۔ شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کیخلاف نعرے درج تھے ، مظاہرین نے مہنگائی ٹھاہ، تبدیلی سرکار ٹھاہ کے نعرے لگائے ۔ کئی مظاہرین نے بجلی کے بل جلائے ۔ احتجاج میں شامل بعض خواتین خالی ہانڈیاں لے آئی تھیں۔ نیئر بخاری نے کہا نااہل حکومت نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے ، اس نالائق حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے ، مہنگائی کیخلاف تحریک ملک کے کونے کونے میں پھیلائیں گے ۔ اے این پی نے پشاور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی اے این پی کے زیراہتمام ٹانک اڈ اچوک پر احتجاج کیا گیا۔ جے یو آئی (ف) نے چارسدہ میں باچاخان چوک سے فاروقِ اعظم چوک تک مہنگا ئی کیخلاف ریلی نکالی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں