مسئلہ کشمیر نازک ، اہم مرحلے میں داخل ہورہا : بیرسٹر سلطان

مسئلہ کشمیر نازک ، اہم مرحلے میں داخل ہورہا : بیرسٹر سلطان

کشمیری مود ی کے 25 ستمبر کو جنرل اسمبلی میں خطاب کے موقع پر احتجاج کرینگے ، بھارت دنیا کے سامنے ایکسپوز ہورہا،علی گیلانی کوچھپاکردفن کیا، میڈیا سے گفتگو

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر نازک اور اہم مرحلے میں داخل ہورہا ہے ،25 ستمبر کو جنرل اسمبلی میں نریندر مودی کے خطاب کے موقع پر نیویارک میں کشمیری احتجاج کریں گے ۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں واضح ہے کہ کشمیری اپنی مرضی سے رہنے کا فیصلہ کریں گے ،کشمیر کا مسئلہ حل ہوئے بغیر امن نہیں آسکتا، بھارتی حکومت نے علی گیلانی کو چھپا کر دفن کیا، انٹرنیشنل کمیٹی کو اپنا رول ادا کرنا چاہیے ،تمام مشکلات کے باوجود پاکستان نے کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے اور دیتا رہے گا، انٹرنیشنل فورم پر اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت زیادہ دیر مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو دبا نہیں سکے گا،اکتوبر کے آخر میں میں خود بین الاقوامی دوروں پر نکل رہا ہوں، ہم آزاد کشمیر میں بھی بہتری لانے کی کوشش کررہے ہیں، بلدیاتی انتخابات کا وعدہ کیا وہ جلد کروائینگے ، آزاد کشمیر میں بھی احتساب شروع کررہے ہیں ، اوور سیز کو ووٹ کا حق دیں گے تو وہ مزید آگے بڑھیں گے ۔ آزاد کشمیر بنیادی طور پر آزادی کا بیس کیمپ ہے ،ہماری تحریک کی اصل قیادت حریت کانفرنس کے پاس ہونی چاہیے ،ہمارا طالبان سے کوئی رابطہ نہیں ہے ،اگر امریکا سے طالبان آزادی حاصل کرسکتے ہیں تو کشمیری بھی بھارت سے آزادی حاصل کرسکتے ہیں،بھارت دنیا کے سامنے ایکسپوز ہورہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں