جکارتہ یونیورسٹی میں علامہ اقبال روم،پاکستان کارنر کا افتتاح

جکارتہ یونیورسٹی میں علامہ اقبال روم،پاکستان کارنر کا افتتاح

چیف جسٹس گلزار احمد مہمان خصوصی ،الازہریونیورسٹی کے ریکٹر،ممبران ،طلبا شریک ، سفارتخانہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ ، تعلیمی تعاون کیلئے جدید طریقے تلاش کر رہا ، سفیر

جکارتہ(این این آئی)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے الازہر یونیورسٹی جکارتہ کی لائبریری میں علامہ محمد اقبال روم اور پاکستان کارنر کا افتتاح کردیا۔ چیف جسٹس انڈونیشیا کے چار روزہ دورے پر ہیں ، جسٹس اعجاز الاحسن بھی ان کے ہمراہ ہیں اوروہ آئینی و سپریم کورٹس/او آئی سی کے ممبر/مبصر ریاستوں کی دوسری جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ افتتاحی تقریب جکارتہ کی الازہر یونیورسٹی میں ہوئی جو انڈونیشیا کی معزز یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے اور اس میں الازہر یونیورسٹی کے ریکٹر ، فیکلٹی ممبران اور منتخب طلبا نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے ریکٹر الازہر یونیورسٹی آسیپ سیف الدین نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے حکومت پاکستان کا اس اقدام کے لیے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ دونوں ممالک کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کے قریب لائے گا۔پاکستانی سفیر محمد حسن نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان برادرانہ تعلقات کی تاریخی نوعیت کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا سفارتخانہ دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے ساتھ خصوصی طور پر تعلیمی تعاون کے لیے مزید جدید طریقے تلاش کر رہا ہے ۔ جسٹس اعجازالاحسن نے اپنے خطاب میں دورے کے دوران گرم جوش مہمان نوازی پر انڈونیشیا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی میں پاکستان کارنر اور علامہ محمد اقبال روم کے قیام سے انڈونیشیا کے طلبا کو موقع ملے گا کہ وہ پاکستان کی تاریخ اور بھرپور ادبی ورثہ اور علامہ محمد اقبال کے افکار اور فلسفے کو تلاش کریں۔افتتاحی تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس مسٹر جسٹس گلزار احمد نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ پاکستان کارنر اور علامہ محمد اقبال روم کا دورہ کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں