نیول چیف کی انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت،ملاقاتیں

 نیول چیف کی انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت،ملاقاتیں

بین الاقوامی سطح پر میری ٹائم سکیورٹی میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آ باد (آئی این پی ) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 24ویں انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت کی ، نیول چیف نے امریکا کے سیکرٹری آف نیوی کارلوس ڈل ٹورو اور امریکی بحریہ کے دیگر اعلٰی حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ سمپوزیم میں 80 سے زائد ممالک کے وفود بشمول مختلف ممالک کی بحری افواج اور کوسٹ گارڈ کے سربراہان نے شرکت کی ۔ ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ سمپوزیم میں مشترکہ میری ٹائم چیلنجز اور بین الاقوامی سطح پر میری ٹائم سکیورٹی میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ نیول چیف نے ارجنٹا ئن ، فرانس، جرمنی، گھانا، جاپان، سری لنکا اور ترکی کی بحری افواج کے سربراہان سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں ، قبل ازیں سربراہ پاک بحریہ نے یو ایس سرفیس وارفیئر سکول کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں عالمی سطح پر میری ٹائم ڈومین میں ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے امریکی بحری افواج کے کردار پر بریفنگ دی گئی ۔ ترجمان پاک بحریہ نے مزید بتایا ہے کہ نیول چیف کے اس دورے سے سمپوزیم میں شریک دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر سمندری تحفظ کیلئے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں