انتخابی اصلاحات : حکومت اور اپوزیشن کا پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر اتفاق

انتخابی اصلاحات : حکومت اور اپوزیشن کا پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر اتفاق

سپیکر سے حکومتی و اپوزیشن ارکان کی ملاقات ، کمیٹی کے قیام کیلئے دونوں ایوانوں میں تحاریک پیش کی جائینگی، اسد قیصر مشاورت کے بعد ارکان کی نامزدگیاں کرینگے ، وزیراعظم سے بابر اعوان کی ملاقات ،سپیکر کا بھی مشیر پارلیمانی امور کو فون ، ای وی ایم، آئی ووٹنگ ، اصلاحات بل پر جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر مشاورت

اسلام آباد( خصوصی وقائع نگار ،سیا سی رپورٹر، نیوز ایجنسیاں ) حکومت اور اپوزیشن کے پارلیمانی نمائندوں نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پارلیمنٹ میں ملاقات کی۔ملاقات میں انتخابی اصلاحات سے متعلق معاملات زیر بحث آئے ۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ایوانوں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین پر مشتمل ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو انتخابی اصلاحات سے متعلق مختلف امور پر کام کرے گی ۔ملاقات میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی کے قیام کے لئے دونوں ایوانوں میں تحاریک پیش کی جائیں گی۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سپیکر قومی اسمبلی پارلیمانی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت کے بعد انتخابی اصلاحات کمیٹی کے ارکان کو نامزد کریں گے ۔سپیکر قومی اسمبلی سے ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزراء پرویز خٹک، شفقت محمود، اراکین قومی اسمبلی شاہد ہ اختر علی، سید نوید قمر، رانا تنویر حسین اور مرتضیٰ جاوید عباسی شامل تھے ۔ ادھر حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ کے معاملے پر پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر غورشروع کردیا ، اس حوالے سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے وزیراعظم سے ملاقات کی ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی ڈاکٹر بابر اعوان کو فون کر کے ای وی ایم، آئی ووٹنگ اور الیکٹورل ریفارم بل پر جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے بارے میں مشاورت کی ،ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی حکومت اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل ہو گی ، وزیراعظم کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے گزشتہ روز کمیٹی کے قیام کا عندیہ دیا تھا،اس حوالے سے حکومت اور اپوزیشن میں رابطے جاری ہیں ،رابطوں کے نتیجے میں بابر اعوان نے وزارت کو بل قومی اسمبلی کے ایجنڈے سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں