پاکستان سیاحت،کھیلوں، تجارتی سرگرمیوں کیلئے محفوظ : آرمی چیف

پاکستان سیاحت،کھیلوں، تجارتی سرگرمیوں کیلئے محفوظ : آرمی چیف

خطے میں امن اور افغان عوام کیلئے خوشحال مستقبل یقینی بنانے میں عالمی پارٹنرز کیساتھ تعاون میں پر عزم ہیں ، یونانی سفیر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی ، علاقائی سلامتی افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، آئی ایس پی آر

لاہور( نیوزڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی سیاحت،کھیلوں اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے محفوظ ملک ہے ، مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں وفود کے دوطرفہ تبادلوں کی ہم حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔جنرل قمر باجوہ سے گزشتہ روز یونان کے سفیر اینڈریاس پاپاسٹاوروو نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی خصوصاً افغانستان کی موجودہ صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان خطے میں قیام امن اور افغان عوام کیلئے خوشحال مستقبل یقینی بنانے میں اپنے عالمی پارٹنرز کے ساتھ تعاون میں پر عزم ہے ۔ معزز مہمان نے مربوط قومی کوششوں کے ذریعے کووڈ 19 پر قابو پانے کی پاکستانی کوششوں کی تعریف کی، افغانستان سے انخلا کے کامیاب آپریشنز سمیت افغان صورتحال اور علاقائی استحکام کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کا خیر مقدم کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں