مسئلہ کشمیر:پاکستان ہر فورم پر آوازبلند کررہا:پرویزالٰہی

مسئلہ کشمیر:پاکستان ہر فورم پر آوازبلند کررہا:پرویزالٰہی

ظلم وجبر سے کشمیریوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا ، صدر آزادکشمیر کی وفد کے ہمراہ ملاقات،نیا ایوان فعال ہونے پر مبارکباد

لاہور(سٹاف رپورٹر )سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی سے آزاد جموں وکشمیر کے صد ر بیرسٹر سلطان محمود نے وفد کے ہمراہ اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر پرویز الٰہی نے کہا پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے کوشاں ہے اور ہر فورم پر موثر انداز میں اس مسئلہ کو اجاگر کر رہاہے ۔ انہوں نے کہا حصول آزادی کی جدوجہد میں کشمیری اکیلے نہیں ، پاکستان کا بچہ بچہ ان کے ساتھ کھڑا ہے ۔سپیکر نے کہا ظلم اور جبر سے کشمیریوں کو ان کے حق آزادی سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد جموں و کشمیرکی موجودہ حکومت کشمیر کاز کو حل کرنے میں مد دگار ثابت ہو گی اور آزاد کشمیر میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا ہندوستان نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے تاریخ انسانی کے تمام مظالم کو مات دے دی ۔ انہوں نے کہا صحت،تعلیم اور دہشت گردی جیسے مسائل پر اجتماعی کوششوں سے ہی قابو پایا جا سکتا ہے ۔ بیرسٹر سلطان نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے فعال ہونے پر مبارک باد اور ایوان کو قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ سے مزین کرنے پر پرویز الٰہی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں