سوچا نہ تھا آتے ہی باؤنسرزشروع ہوجائیں گے :رمیز راجہ

سوچا نہ تھا آتے ہی باؤنسرزشروع ہوجائیں گے :رمیز راجہ

انگلینڈکا فیصلہ بے تکا، اب اپنی شرائط پر کھیلیں گے ، دنیا کامران خان کیساتھ ، ہوم سیریز نیوٹرل مقام پر نہیں کھیلیں گے ،کسی کے آگے جھکنا نہیں، ویڈیو کانفرنس

لاہور (سپورٹس رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹرز کا مورال ہمیشہ بلند ہی ہوتا ہے ،سوچا نہیں تھا آتے ہی باؤنسرزشروع ہوجائیں گے ، پروگرام دنیا کامران خان کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بے تکا فیصلہ کیا،سکیورٹی کا کوئی ایشو نہیں تھا،انگلینڈ نے بہانہ کیا ہے ،آئی سی سی میں سیاست نہیں ہے ،ہرکرکٹ بورڈ کی اپنی اہمیت ہے ،آئی سی سی میں اپنا موقف بھرپور انداز میں پیش کروں گا،اب کھل کر بات کرنے کا وقت آگیا ۔ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں نے 2022 میں دوبارہ آنا ہے ،اب ہم اپنی شرائط پر ان کو بلائیں گے ،اب ہم اپنا بیک اپ پلان تیاررکھیں گے ،جو پریشر بلڈ اپ ہوا ہے اسے کارکردگی سے ختم کرنا ہوگا۔پاکستانی ٹیم کو اب کارکردگی سے جواب دینا ہوگا،پاکستانی کھلاڑیوں کو پریشر لینے کی ضرورت نہیں ۔انہوں نے کہا میرا 100 دن کا پلان ہے ، 7 دن ایسے لگ رہے ہیں جیسے 7 سال ہوگئے ۔فرسٹ کلاس پلیئرزکیلئے پیسے بڑھائے ہیں،کرکٹ ٹیم میں یوتھ لے کر آئیں گے ،ہر کھلاڑی کو عزت دی جائے گی۔نئے کوچ لانے کا مقصد کھلاڑیوں کی سوچ تبدیل کرنا ہے ،پاکستانی ٹیم کو نمبر ون بنانے کیلئے کام کریں گے ۔چیئرمین پی سی بی نے کہا ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹیم سلیکٹ ہوچکی،میں سلیکشن کو بیک کررہا ہوں،ایک دو تبدیلیاں ہوسکتی ہیں۔ ویڈیو پریس کانفرنس میں رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کی منسوخی پر افسوس ہوا، ملکی کرکٹ کیلئے کسی کے آگے جھکنا نہیں، ویسٹرن بلاک ہمیشہ سے اپنا مطلب نکالتا ہے ، ہم بلاک بنا کر کوئی چیز بلاک نہیں کرنا چاہتے ، اپنی آواز آئی سی سی میں اٹھائیں گے ، ہوم سیریز نیوٹرل مقام پر کبھی نہیں کھیلیں گے ۔کرکٹ بورڈ کو کہہ دیا ہے کہ اگر آسٹریلیا نہیں آتی تو پلان بی تیار ہو۔رمیز راجہ نے مزید کہا کہ ماضی کی طرح اپنی عزت نہیں کروائیں گے تو آگے مشکلات ہونگی۔ ہمیں کسی کو ثابت نہیں کرنا کہ پاکستان پر امن ہے ، سب جانتے ہیں، ہمیں اپنے مؤقف پر قائم رہنا ہے ، اب پاکستان اپنی عزت بنائے گا۔ گراس روٹ لیول کی کرکٹ کیلئے ہر سپانسر کے پاس جاؤں گا، جب پیسہ آئے گا تو کرکٹ بورڈ بھی ترقی کرے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں