ڈینگی کے مریض بڑھ رہے ،احتیاط کی ضرورت:یاسمین راشد

ڈینگی کے مریض بڑھ رہے ،احتیاط کی ضرورت:یاسمین راشد

ویکسی نیشن کی وجہ سے ابھی تک پنجاب میں پولیو کاکوئی کیس سامنے نہیں آیا ، راولپنڈی میں ڈینگی کے 49مریض ہیں،بینظیرہسپتال میں پریس بریفنگ

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ڈی جی خان کارڈیالوجی ہسپتال، میانوالی میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اور ملتان میں نشتر ٹو ہسپتال جلد فعال ہو جائیں گے ۔ پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں لیور ٹرانسپلانٹ کے 87 آپریشن ہو چکے ہیں۔ ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ، راولپنڈی کے الائیڈ ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 49 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 36 ڈینگی کے کنفرم مریض ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے چھ نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ 2019 میں راولپنڈی میں ڈینگی وبا کی طرح پھیلا اور صوبائی حکومت مسلسل منصوبہ بندی کرتی رہی ہے کہ دوبارہ ایسی صورتحال نہ پیدا ہو۔ اگرچہ ابھی تک ڈینگی وبا کی صورت میں سامنے نہیں آیا مگر پھر بھی انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے اور انتظامیہ اور سرکاری محکموں کے علاوہ ہر شہری کو اپنے گھر اور اردگرد کے ماحول سے ڈینگی لاروا کی تلفی کو یقینی بنانا ہو گا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے بینظیر بھٹو ہسپتال میں پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ صوبائی حکومت ڈینگی کی صورتحال سے مسلسل آگاہ ہے ، انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہیں اور پولیو سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کیلئے مسلسل مہمات کی وجہ سے ابھی تک پنجاب بھر میں پولیو کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا ، ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں