اصل جنگ پنجاب میں ، ترقیاتی فنڈز سے نہیں کارکردگی سے جیتیں گے : عمران خان

اصل جنگ پنجاب میں ، ترقیاتی فنڈز سے نہیں کارکردگی سے جیتیں گے : عمران خان

ووٹنگ مشین ہر انتخابی مسئلے کا حل ،حکومت کیلئے اگلے 2سال اہم ،مافیاز کے سامنے کھڑے ہیں: تقریب سے خطاب ، صدرآزادکشمیر ،گورنرسندھ،گورنرسٹیٹ بینک کی ملاقات،این ایچ اے کااجلاس، کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن کومبارکباد

اسلام آباد،راولپنڈی (اے پی پی، دنیانیوز، خصوصی نیوز رپورٹر )وزیراعظم عمران خان نے کارکردگی معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم ترقیاتی فنڈز سے نہیں حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ الیکشن جیتیں گے ۔ اصل جنگ پنجاب میں ہے ۔ ووٹنگ مشین ہر انتخابی مسئلے کا حل ہے ۔حکومت کیلئے اگلے 2 سال اہم ہیں ۔مافیاز کے سامنے کھڑے ہیں۔ آزاد کشمیرکے صدر ، گورنر سندھ،گورنرسٹیٹ بینک نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے این ایچ اے منصوبوں بارے اجلاس کی صدارت بھی کی۔عمران خان نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈوکومبارکباد دی ہے ۔ تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کارکردگی معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارکان اسمبلی ترقیاتی فنڈز مانگتے ہیں۔ ہم ترقیاتی فنڈز سے نہیں حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ الیکشن جیتیں گے ۔ اصل جنگ پنجاب میں ہے ۔ ہم تبدیلی کے مخالف مافیاز کے سامنے کھڑے ہیں، کرپٹ سسٹم سے فائدہ اٹھانے والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کررہے ہیں،ای وی ایم پاکستان کے تمام انتخابی مسائل حل کر دے گی، آئندہ دو سال حکومت کے لئے بہت اہم ہیں، ہمیں اپنے اہدف حاصل کرنے ہیں، تمام وزارتیں محنت کریں ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری ، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فرا ز، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ ارباب شہزاد بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ 2 سال کے لئے اپنے اہداف مقرر کرناضروری تھا۔ اس کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ آئندہ سال ہمارے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ اگر ہم نے اس دوران اپنے اہداف حاصل کر لئے تو حکومت کے آخری سال میں رہ جانے والے اہداف کو حاصل کرنا بھی آسان ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں ٹیم کو چلانے کا تجربہ ہے اور انہوں نے یہ کرکٹ سے سیکھا ہے ۔ ہمیشہ وہ ٹیم کامیاب ہو تی ہے جو سارا وقت اپنا جائزہ لیتی رہتی ہے اور اپنی کارکردگی پرنظر ثانی کرتی ہے ۔ وزیرعظم نے وزارتوں پرزور دیا کہ انہوں نے اپنے لئے جو اہداف مقرر کئے ہیں ان کو حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے شوکت خانم ہسپتال شروع کرنے کے لئے لاہور کے نامور ڈاکٹروں کو بلایا تو 20 میں سے 19 ڈاکٹروں نے کہا کہ کینسر ہسپتال نہیں بن سکتا، صرف ایک نے کہا کہ بن سکتا ہے لیکن غریبوں کا مفت علاج نہیں ہو سکتا۔ امریکی سی ای او نے کہا کہ 5 فیصد سے زائد مریضوں کا مفت علاج کرنے کی کوشش کی تو ہسپتال تین ماہ میں بند ہو جائے گا۔ تین ماہ بعد سی ای او واپس چلے گئے لیکن ہسپتال آج تک چل رہا ہے ۔ ہر سال 9 ارب روپے کینسر کے مریضوں کے مفت علاج پر خرچ ہو تے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم اپنا کوئی ویژن سیٹ کرتے ہیں تو اس پر سمجھوتا نہیں کرناچاہیے ۔ حکومت کے پہلے سال بہت مشکلات کا سامنا کرناپڑا ، یہ مشکل ترین وقت تھا۔ ہم ان سب مافیاز کے سامنے کھڑے ہیں جو تبدیلی نہیں چاہتے ،وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کررہے ہیں۔ ماضی میں ہر الیکشن میں دھاندلی کے لزامات لگے اور متنازعہ ہوئے ۔الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے دھاندلی کے الزامات کا خاتمہ ہو گا۔ کرپٹ لوگ جو اس سسٹم سے فائدہ اٹھاتے رہے وہ ملک میں تبدیلی نہیں چاہتے ۔ یہ حکومت کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے مسائل حل ہو جائیں گے ۔ آخری دو سال ہمارے لئے بہت اہم ہیں۔ ہم نے اقتصادی مشکلات پر قا بو پایا اور کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال میں مشکل فیصلے کئے ۔ اپنے لوگوں کی جانیں بھی بچائیں اور معیشت بھی۔ ہم بہت مشکل وقت سے نکل کر یہاں پہنچے ہیں۔دریں اثناوزیراعظم عمران خان سے آزادجموں وکشمیرکے صدربیرسٹرسلطان محمودنے ملاقات کی۔اس موقع پرعمران خان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک دنیا میں آواز اٹھاتا رہے گا۔وزیراعظم سے گورنرسٹیٹ بینک رضاباقرنے بھی ملاقات کی۔اس موقع پرعمران خان نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی تعداد میں اضافہ بیرون ملک پاکستانیوں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے ۔ گورنرسٹیٹ بینک نے بتایاکہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں اب تک بیرون ملک سے 2.3 ارب ڈالر بھیجے جا چکے ہیں ۔علاوہ ازیں عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سینیٹر سیف اللہ نیازی نے بھی ملاقات کی۔ وفاقی حکومت کے تحت کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت پر گفتگو کی گئی ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر انتظام منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ معیاری سڑکوں کی تعمیر سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان رابطہ، تجارت اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے ۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعیدنے تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ پچھلی حکومت کے تین سالوں (16-2013) میں صرف 645 کلومیٹر کی سڑکیں تعمیر ہوئیں اور موجودہ حکومت کے تین سالوں میں 1753 کلومیٹر لمبائی کی سڑکیں مکمل ہو چکی ہیں۔ اجلاس کو راولپنڈی تا کھاریاں، میانوالی تا مظفرگڑھ اور حیدرآباد تا سکھر شاہراہوں پر پیشرفت بارے بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو انتخابات میں کامیابی پرمبارکباد دی ہے ۔ ٹویٹر پر اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور کینیڈاکے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے مل کرکام کرنے کے خواہاں ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں