لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ گیم چینجر، رفتار مزید تیز کی جائے : بزدار

لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ گیم چینجر، رفتار مزید تیز کی جائے : بزدار

125ایکڑپر پراجیکٹ پرکشش،دبئی ایکسپو میں شوکیسنگ ہوگی:وزیراعلیٰ،8ایکڑ 22ارب میں فروخت ، نیلوفر بختیار،طارق محمود کی ملاقاتیں ، مجیب الرحمن شامی کے بھائی، اجمل جامی کے والد کے انتقال پر گھر جا کر اظہار تعزیت

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بز دار نے کہا لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ گیم چینجر ہے ، اس کی رفتار مزید تیز کی جائے ،وزیراعلیٰ کی زیر صدارت لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے اجلاس میں پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا، وزیراعلیٰ نے کہا لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پراجیکٹ تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ شہر کی پرائم لوکیشن پر 125ایکڑ اراضی پر بنایا جارہاہے ،یمنصوبہ روزگار کی فراہمی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا اس منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے ، غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے یہ منصوبہ انتہائی پرکشش مواقع رکھتا ہے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے اس منصوبے کی بہترین اور موثر انداز سے شوکیسنگ کرنے کی ضرورت ہے ، دبئی ایکسپو میں بھی لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کی شوکیسنگ کی جائے گی،چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران امین نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی 8ایکڑ اراضی 22ارب روپے کی ریکارڈ قیمت میں فروخت کی ہے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سے چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی جس میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، جیلوں میں اصلاحات اور خواتین پر تشدد کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ سے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے نئے وائس چیئرمین مخدوم طارق محمودالحسن نے بھی ملاقات کی،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمن شامی کے بھائی صاحبزادہ ضیا الرحمن شامی اوراینکرپرسن اجمل جامی کے والد کیپٹن (ر) محمد ارشادکے انتقال اور محسن نقوی کے ماموں افضل نقوی کے انتقال پر ان کے گھروں میں جاکر اظہار تعزیت کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں