افغان اثاثوں کی بحالی سے انسانی بحران حل ہوسکتا:شاہ محمود

افغان اثاثوں کی بحالی سے انسانی بحران حل ہوسکتا:شاہ محمود

29.4 ارب ڈالر کی تاریخی ترسیلات بھیجنے پر پاکستانی کمیونٹی کے مشکور:خطاب ، قطر،پرتگال،آئرلینڈکے وزرا خارجہ، سربراہ خارجہ امور یورپی یونین سے ملاقات

نیو یارک،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک،وقائع نگار)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی سے انسانی بحران حل ہوسکتاہے ، وبا کے دوران 29.4 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجنے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مشکور ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو اور پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود کی پرتگال،آئرلینڈکے وزرا ئے خارجہ ا ور یورپی یونین کے سربراہ خارجہ امور سے ملاقاتیں بھی ہوئیں،نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے "ایف ایم پورٹل" کا آغاز کیا ہے جسے ابتدائی طور پر نیویارک سمیت پانچ ممالک میں متعارف کروایا گیا، اگلے مرحلے میں ہم اس سہولت کو 21 ممالک تک وسعت دے رہے ہیں ، فارن پریس ایسوسی ایشن کے ساتھ ورچوئل ملاقات میں انہوں نے کہا پاکستان، عالمی برادری کی مدد کے بغیر چار دہائیوں سے 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کرتا آ رہا ہے ، اگر افغانستان میں صورتحال مزید خراب ہوتی ہے تو مہاجرین کی یلغار کا خطرہ بڑھ جائے گا،پاکستان، مزید مہاجرین کا بوجھ اٹھانے کا متحمل نہیں ہو سکتا،افغانوں کے منجمد اثاثوں کو کھولنے سے افغانستان کو انسانی بحران سے نکالنے میں مدد ملے گی،آبی وسائل کی دستیابی اورمعاشروں پراثرات کے موضوع پر ورچوئل مذاکرے میں انہوں نے کہا تازہ پانی کا70فیصد حصہ گلیشئرزاوربرف سے دستیاب ہوتا ہے ۔پاکستان میں تریسٹھ گلیشئیل جھیلیں خطرناک آتش فشاں اور سیلاب (GLOF) کا شکار ہیں ، جس سے 70 لاکھ افراد کی زندگیوں کو خطرہ ہے ۔ پاکستان 2025 کو گلیشئرز کے سال کے طور پر منانے کے اقدام کی حمایت کرتا ہے تاکہ عالمی شعور بیدار کیا جا سکے ۔یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل سے ملاقات میں انہوں نے افغانستان کے حوالے سے یورپی یونین کی قرارداد میں پاکستان سے متعلق منفی حوالوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا اس طرح کے غیر منطقی حوالہ جات، پاکستان اور یورپی یونین کے باہمی تعلقات سے مطابقت نہیں رکھتے ،اور یہ امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہیں،پرتگال کے وزیرخارجہ آگستوسینتوس سلواسے ملاقات میں افغانستان اور کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،آئرلینڈ کے وزیر خارجہ و دفاع سائمن کوونے سے ملاقات میں انہوں نے افغان عوام کو ممکنہ انسانی بحران کے خطرے سے بچانے کیلئے عالمی برادری کی جانب سے انسانی معاونت کی فراہمی یقینی بنانے پر زوردیا۔شاہ محمو د سے اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فیلیپو گرانڈی نے بھی ملاقات کی جس میں وزیر خارجہ نے افغانستان میں ممکنہ انسانی بحران اور مہاجرین کی نقل مکانی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان نے بھی ملاقات کی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں