آئی ایم ایف پروگرام سے مہنگائی بڑھی ، مجسٹریسی نظام پھر لارہے : وزیر خزانہ

آئی ایم ایف پروگرام سے مہنگائی بڑھی ، مجسٹریسی نظام پھر لارہے : وزیر خزانہ

عوام کو آٹا 55 ، چینی 90 روپے فی کلو فروخت ، گھی اور تیل کی قیمتوں میں 50 روپے کلو کمی ہوگی، پٹرول کی قیمت خطے سے کم ، تیل قیمتیں بڑھنے ،گاڑیوں کی درآمدسے ڈالرمہنگا ہوا،افغانستان بھی جا رہا، غریبوں کوبراہ راست سبسڈی دینگے

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا،مجسٹریسی نظام پھرلارہے ہیں۔کوکنگ آئل پرٹیکسوں میں ریلیف دینگے ،فی کلوقیمت50روپے تک کم ہوجائیگی،یہ پیسے حکومت اپنی جیب سے خرچ کرے گی۔ملک میں پٹرول کی قیمت خطے سے کم ہے ۔تیل قیمتیں بڑھنے ،گاڑیوں کی درآمدسے ڈالرمہنگا ہوا، افغانستان بھی جا رہا ہے ۔ غریب عوام کو اشیائے خوردونوش پر براہ راست سبسڈی دیں گے ، آٹا، چینی، گھی اور دالوں پر سبسڈی دی جائے گی، یہ سبسڈی 12.5 ملین گھرانوں کو دی جائے گی جو ملکی آبادی کا 40 سے لیکر42 فیصد بنتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو آٹا 55 روپے ، چینی 90 روپے فی کلو فروخت کی جائے گی، گھی اور تیل کی قیمتوں میں بھی 50 روپے کلو کمی ہوگی۔ وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب اور معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی جمشید چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہابجٹ میں پٹرولیم لیوی کی مد میں 600 ارب روپے کا ہدف ہے اور ابھی تک ہم نے اس میں کوئی پیسہ اکٹھا نہیں کیا کیونکہ حکومت عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے ، اس پر اپوزیشن کے شور مچانے کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا۔ اس مہینے کے آخر میں کامیاب پاکستان پروگرام لانچ ہوجائے گا، وزیر خزانہ کے طور پرکام کرتا رہوں گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں