بھار ت کی پالیسیاں خطے کے مفاد میں نہیں : معید یوسف

بھار ت کی پالیسیاں خطے کے  مفاد میں نہیں :  معید یوسف

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ بھارتی حکومت کی پالیسیاں خطے کے مفاد میں نہیں ہیں ۔ پاکستان فیوچر ڈائریکشن کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے

اسلام آباد(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ بھارتی حکومت کی پالیسیاں خطے کے مفاد میں نہیں ہیں ۔ پاکستان فیوچر ڈائریکشن کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ معاشی استحکام اور ملکی سلامتی کا آپس میں گہرا تعلق ہے ۔ پڑوسی ممالک سے برتاؤ کی وجہ سے بھارت پورے خطے کے لئے خطرہ بن چکا ہے دنیا جتنی جلدی آنکھیں کھولے گی انہیں اس کا اندازہ ہو جائے گا۔ ہماری تمام قیادت مستقل پاکستان کی سوچ کی جیو پولیٹیکل سے جیو اکنامک منظر نامے کی جانب منتقلی کی بات کرتی ہے جو دراصل ہماری سوچ میں تبدیلی کی عکاسی ہے ۔ہم یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم اپنے اس جغرافیائی محل وقوع کو جیوپولیٹیکل سے جیو اکنامک محل وقوع کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں جس کے تین ستون ہیں جس میں پہلا کنیکٹیو یٹی ہے ، ہم جس جگہ بیٹھے ہیں وہاں سے ہم جنوب، شمال، مغربی دنیا اور مشرق سے خود کو مربوط رکھ سکتے ہیں اور پھر ہم اپنے اس محل وقوع کو استعمال کر سکتے ہیں ۔اسی طرح سی پیک بھی اہمیت کا حامل ہے اور اس کا مقصد بھی یہی ہے کہ چین کو عالمی تجارت کے لئے ہمارے گرم پانیوں سے منسلک کیا جا ئے ۔ پاکستان ٹرانزٹ کا علاقہ بن گیا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ دوسرا اہم ستون دنیا سے شراکت داریاں قائم کرنا ہے ۔ ان سب کے لئے ہمیں ملک میں بھی کافی کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ دنیا میں جہاں کہیں بھی کم مزاحمت ہو گی وہاں سرمایہ کار آئے گا اور ہمیں کوشش کرنی ہے کہ ہم اس پہلو میں بہتری لا سکیں۔انہوں نے کہا ابتدائی دونوں پہلو اس وقت تک ممکن نہیں ہو سکتے جب تک ہم تیسرے ستون پر کام نہیں کرتے اور وہ اندرونی اور علاقائی امن و سلامتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ ریاست کی رٹ قائم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ دہشت گردی کے انسداد کے لئے 2007 سے اب تک پاکستان کی کاوشیں سب کے سامنے ہیں لیکن بھارت میں جو کچھ ہو رہا ہے اور وہ جس راہ پر گامزن ہے وہ بہت مایوس کن ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں