ڈینگی پھیلنے لگا ،لاہور میں 6 سو سے زائد مریض

 ڈینگی پھیلنے لگا ،لاہور میں 6 سو سے زائد مریض

کورونا ڈیلٹا ویرینٹ میں کمی ،ادویات اور مشینری پر اربوں خرچ کر رہے ہیں فیصل آباد کے ہسپتالوں کیلئے 9ارب روپے کے فنڈز کی منظوری :یاسمین راشد

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی سے الحاق شدہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات وعلاج معالجہ کی فراہمی اور ہسپتالوں کی ڈویلپمنٹ کے لئے 9 ارب روپے کے خطیر فنڈز کی منظوری دی گئی ہے جن میں سے 2 ارب روپے کا بجٹ ادویات کے لیے مختص کیا گیا ہے ۔ انہوں نے یہ بات دورہ فیصل آباد کے دوران فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ادویات کے فنڈز سے مریضوں کو لوکل میڈیسن کے علاوہ مہنگی ادویات بھی دستیاب ہونگی۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کا مسئلہ سر اٹھا رہا ہے اگرچہ فیصل آباد میں صورتحال سنگین نہیں لیکن احتیاط ناگزیر ہے ۔ پنجاب میں ڈینگی پھیلنا شروع ہو گیا ہے ۔ لاہور میں زیادہ مسئلہ ہے ، ڈینگی کے 6 سو سے زائد مریض ہیں ۔ کورونا کے ڈیلٹا ویرینٹ وائرس میں کمی آئی ہے ۔ ویکسین لگوائے بغیر بوگس انٹریوں کی تحقیقات کروا رہے ہیں ،الائیڈ ہسپتال میں ادویات میں کرپشن کے حوالہ سے بھی تحقیقات جاری ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں