ہائیکورٹ :پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، وفاق سے جواب طلب

ہائیکورٹ :پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، وفاق سے جواب طلب

عالمی منڈی میں پٹرولیم قیمتیں کم ،پاکستان میں بڑھائی گئیں،درخواست گزار ، سعدرضوی نظر بندی ،حکومت کوجواب کیلئے مہلت،نارووال میں سڑکوں کا ٹینڈر معطل ، خواجہ سرائوں کی پولیس میں بھرتی کی درخواست ، پنجاب حکومت ، آئی جی سے جواب طلب

لاہور( کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ پر وفاق سے جواب طلب کرلیا ، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی،درخواست میں اوگرا، وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا ۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا گزشتہ حکومت نے سیلز ٹیکس بڑھا کر قیمتوں میں اضافہ کیا،موجودہ حکومت نے پٹرولیم لیوی زیادہ کر کے پٹرول کی قیمت بڑھائی ،عالمی منڈی میں قیمت کم ہونے کے باوجود پاکستان میں اضافہ کیا گیا ، عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کالعدم قرار دے ،عدالت نے فریقین سے 7نومبر تک جواب طلب کرلیا۔دوسری جانب پولیس کوٹہ پر خواجہ سرائوں کی بھرتی کیلئے درخواست پر ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت ، آئی جی سے جواب طلب کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان کے روبرو خواجہ سرا عاشی جان سمیت دیگردرخواست گزاروں کے وکیل ندیم سرور نے موقف اختیارکیا ، پولیس سمیت تمام سرکاری محکمے خواجہ سرائوں کو ملازمتیں نہیں دے رہے ، آئین پاکستان انہیں دوسرے شہریوں کے برابر حقوق دے رہا ہے ،آئینی اور قانونی تحفظ کے باوجود خواجہ سراؤں کی حق تلفی جاری ہے ۔ادھرلاہور ہائیکورٹ میں کالعدم تحریک لبیک کے امیر حافظ سعد رضوی کی دوسری نظر بندی کیخلاف کیس کی سماعت پیر تک ملتوی ہوگئی، دوران سماعت عدالت کے روبرو اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے تحریری جواب داخل کرنے کیلئے مہلت طلب کی۔علاوہ ازیں پی آئی سی میں مریضوں کو جعلی سٹنٹ ڈالنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی،ایف آئی اے اور پنجاب حکومت کی جانب سے جواب داخل کرایا گیا۔جسٹس علی باقر نجفی کے روبرو رانا سکندر نے موقف اختیار کیا جعلی سٹنٹ سے متعلق میو ہسپتال سکینڈل پر ایف آئی اے نے ایف آئی آر درج کرلی تھی اور معاملہ ڈرگ حکام کو بھجوا دیا تھا،عدالت نے درخواست گزار کو جوابات کی کاپیاں دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 7اکتوبرتک ملتوی کردی ۔دریں اثنالاہور ہائیکورٹ نے نارووال ڈسٹرکٹ میں سڑکوں کی تعمیر کے لیے جاری ٹینڈر کے احکامات معطل کر دیے اور فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں