افغان معاشی بحران کاخاتمہ ضروری، دنیا تعاون کرے :شاہ محمود

افغان معاشی بحران کاخاتمہ ضروری، دنیا تعاون کرے :شاہ محمود

پاک امریکا سٹریٹجک شراکت داری مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے میں معاون ہوگی ، امریکی سینیٹرکو ٹیلیفون،جاپان، انڈونیشیا،سویڈن،فن لینڈکے وزرا ئے خارجہ سے ملاقاتیں

اسلام آباد،نیویارک(وقائع نگار،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے رینکنگ ممبر ریپبلکن سینیٹر جیمز رِش سے ٹیلیفونک رابطہ کیا،جس میں انہوں نے پاکستان کی طرف سے ، امریکا کے ساتھ وسیع البنیاد ، سٹریٹجک شراکت داری کی خواہش کا اعادہ کیا جو دوطرفہ اور علاقائی حوالے سے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہو گی۔وزیر خارجہ نے علاقائی روابط، دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیااور افغانستان میں ایک جامع سیاسی تصفیے کے حصول کیلئے کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ایک مستحکم اور وسیع البنیاد حکومت کی ضرورت ہے تاکہ بین الاقوامی دہشت گرد گروہ، افغان سرزمین کا دوبارہ کبھی استحصال نہ کر سکیں ۔جاپان کے وزیرخارجہ توشی مِٹسو موتیجی سے ملاقات میں شاہ محمود نے کہا ہم 2022 میں پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کو پرجوش انداز میں منانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ شاہ محمود نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے شواہد پر مشتمل ایک \"ڈوزیئر\" جاپانی ہم منصب کو پیش کیا۔انڈونیشیا کی وزیر خارجہ ریٹنو مرسودی کے ساتھ ملاقات میں شاہ محمود نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ،دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین دو طرفہ سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے ، اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور عوام کی سطح پر روابط کے فروغ پر اتفاق کیا ۔شاہ محمو دکی سویڈن کی وزیر خارجہ اینا لنڈے سے بھی ملاقات ہوئی،انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بتدریج بڑھتے ہوئے کثیرالجہتی تعلقات کو کثیرالجہتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔فن لینڈ کے وزیرخارجہ پیکا ہاویسٹو سے ملاقات کے دوران شاہ محمود نے فن لینڈ کے ساتھ سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے ، معاشی بندھن کو گہرا کرنے اور تعلیمی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں