ترقی ہر شہر، دیہات کا حق، زبانی جمع خرچ نہیں عملی اقدامات کر رہے: بزدار

ترقی ہر شہر، دیہات کا حق، زبانی جمع خرچ نہیں عملی اقدامات کر رہے: بزدار

ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا، مسائل حل کرنے کیلئے ہر ضلع، تحصیل اور علاقے تک جاؤں گا ، پنجاب کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کردیا،تبدیلی کاسفر رکنے والا نہیں:وزیر اعلیٰ

لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقاتیں کیں اور وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔اس موقع پر زیر تکمیل اورنئے ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل او رتکمیل میں اراکین اسمبلی کی تجاویز کو اہمیت دی جاتی ہے ۔پسماندہ اورنظرانداز کردہ علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی ہر شہر،قصبے او ردیہات کا حق ہے ،عوام کو ان کاحق لوٹا رہے ہیں ۔ہر ضلع اور شہر کا دورہ کر کے مسائل کا جائزہ لے رہاہوں ۔ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ضلع، تحصیل اورعلاقے تک جاؤں گا،پنجاب کی ترقی کیلئے پہلے زبانی جمع خرچ کیا جاتا تھا اب عملی اقدامات کئے جاتے ہیں ۔کسی کو بھی ترقی کے سفر میں حائل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ پنجاب کو حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عہد نبھائیں گے ۔ ارکان پنجاب اسمبلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ حقیقی معنوں میں عوام کا درد رکھتے ہیں ۔پنجاب بدل رہاہے ،دور دراز علاقوں میں مثبت تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں ۔ملاقات کرنے والوں میں ندیم قریشی، مامون تارڑ، نیاز حسین خان، جاوید اختر لنڈ او ردیگر شامل تھے ۔ادھر وزیراعلیٰ سے اراکین قومی اسمبلی نے بھی ملاقاتیں کیں،جس میں عمومی سیاسی صورتحال اورترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔منتخب نمائندوں نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو حلقو ں کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کومقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔پنجاب کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے ۔ تبدیلی کاسفر اب رکنے والا نہیں ۔پنجاب کے اراکین قومی اسمبلی بھی میرے دست و بازو ہیں او ران کا ہرجائز کام ہر صورت ہو گا ۔ اپوزیشن والوں نے 3 برس کے دوران عوامی خدمت کے سفر میں صرف رکاوٹ ڈالی، حکومت مدت پوری کرے گی ۔ ملاقات کرنے والوں میں غلام بی بی بھروانہ، عامر طلال گوپانگ،رضا نصر اللہ اور احمد حسین شامل تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں