رواداری کو فروغ دیکر ظہور شہید کا مشن آگے بڑھا رہے :شجاعت

رواداری کو فروغ دیکر ظہور شہید کا مشن آگے بڑھا رہے :شجاعت

ظہورالٰہی مظلوم کی آواز بنے ،آج بھی نام عزت سے لیا جاتاہے :پرویز الٰہی ، چالیسویں برسی کے موقع پر قرآن خوانی، شجاعت کی صحت یابی کیلئے دعائیں

لاہور(سپیشل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت نے کہا ہے کہ سیاست میں رواداری کو فروغ دے کر چودھری ظہورالٰہی شہید کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں، وہ چاروں صوبوں کی آواز تھے ، وہ جو بات بھی کرتے تھے پہلے خود اس پر عمل کرتے تھے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چودھری ظہورالٰہی شہید کی 40 ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا، انہوں نے کہا چودھری ظہورالٰہی شہید نے ساری زندگی حق گوئی، جدوجہد اور جستجو میں بسر کی، تحریک ختم نبوتؐ سمیت پاکستان کے حق میں ہر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور عوام سے دوستی کو ترجیح دی، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے برسی کے حوالے سے گجرات میں ہونے والی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ اللہ ہمیں ایسے کاموں کی توفیق دے جس سے اللہ اور اس کی مخلوق راضی ہو جائے ، چودھری ظہورالٰہی شہید ہمیشہ مظلوم طبقے کی آواز بنے اور استحصالی طبقے کے خلاف نبرد آزما رہے ، وہ اصولوں پر کسی بھی طرح کی مفاہمت کے قائل نہ تھے ، وہ دردمند دل رکھنے والی شخصیت تھے یہی وجہ ہے کہ آج 40 سال بعد بھی ان کا نام عزت و احترام کے ساتھ لیا جاتا ہے ۔ تقریب میں سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، سابق ضلع ناظم گجرات چودھری شفاعت حسین، وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی، ایم این اے سالک حسین اور شافع حسین ، ایم پی اے چودھری عبداللہ یوسف، چودھری شجاعت نواز اجنالہ ، سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، خالد اصغر گھرال سمیت بڑی تعداد میں پارٹی رہنما ئوں اور کارکنوں نے شرکت کی،ظہورالٰہی شہید اور خاندان کے دیگر مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا اور چودھری شجاعت حسین کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں