گیس 35فیصد مہنگی کرنیکی سمری توانائی کمیٹی میں پیش

گیس 35فیصد مہنگی کرنیکی سمری توانائی کمیٹی میں پیش

سردی میں آخری4سلیب کے صارفین کے بل 9100روپے تک بڑھ جائینگے

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پٹرولیم ڈویژن نے موسم سرما کے دوران گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمت 35 فیصد تک بڑھانے کی تجویز دے دی۔ پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق نومبر سے فروری تک 4 مہینوں میں گیس کا استعمال کم کرنے کیلئے گھریلو صارفین کے آخری 4 سلیب کیلئے گیس کی قیمت 35 فیصد تک بڑھانے کی تجویز ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہانہ 100 مکعب میٹر تک گیس استعمال کرنے والے پہلے 2 سلیب کیلئے گیس کی موجودہ قیمت برقرار رکھنے اور باقی صارفین کیلئے مہنگی کرنے کی تجویز ہے ۔ ذرائع کے مطابق آخری 4 سلیب ماہانہ 300 سے لے کر 400 مکعب میٹر سے زیادہ گیس استعمال کرنے والے صارفین کے ہیں۔ ماہانہ 300 مکعب میٹر گیس کے استعمال پر تیسرے سلیب کی قیمت میں 24 فیصد جبکہ چوتھے ، پانچویں اور چھٹے سلیب کی قیمتوں میں 35 فیصد اضافے کی تجویز ہے ۔ ذرائع کے مطابق اس تجویز کی منظوری سے گھریلو صارفین کے گیس کے بل 262 سے 9100 روپے تک بڑھ جائیں گے ۔ اس حوالے سے دستیاب دستاویز کے مطابق ماہانہ 2 ہیکٹو میٹر کیوبک پر ریٹ 553 کی بجائے 683 کرنے کی تجویز ہے ، ماہانہ 2 ہیکٹو میٹر کیوبک پر بل 3733 کی بجائے 4295 روپے کرنے کی تجویز ہے ۔ ماہانہ 3 ہیکٹو میٹر کیوبک کا ریٹ 738 کی بجائے 1000 روپے کرنے کی تجویز ہے ، ماہانہ 3 ہیکٹو میٹر کیوبک کا بل 8016 کی بجائے 10272 روپے کرنے کی تجویز ہے ۔ ماہانہ 4 ہیکٹو میٹر کیوبک کا ریٹ 1107 کی بجائے 1500 روپے کرنے کی تجویز ہے ، ماہانہ 4 ہیکٹو میٹر کیوبک کا بل 14400 کی بجائے 19495 روپے کرنے کی تجویز ہے ۔ ماہانہ 4 ہیکٹو میٹر کیوبک سے زائد پر ریٹ 1460 کی بجائے 2000 روپے کرنے کی تجویز ہے ، ماہانہ 4 ہیکٹو میٹر کیوبک سے زائد پر بل 25494 کی بجائے 34622 روپے کرنے کی تجویز ہے ۔ پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق سمری کابینہ کی توانائی کمیٹی میں پیش کی جاچکی ہے تاہم ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق اس تجویز کی وجہ موسم سرما میں گیس کا متوقع بحران ہے جس کا حل حکومت گیس مہنگا کرنے کی صورت میں نکالنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ ذرائع کا کہنا تھا پٹرولیم ڈویژن مربوط پلاننگ اور پالیسی کی فقدان کی زد میں ہے جس نے گیس بحران کے کنٹرول کا آسان حل گیس کو مہنگا کرنے کی صورت میں نکالا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں