چیئرمین نیب کیلئے شہباز شریف سے مشاورت نہیں کرینگے: وفاقی حکومت، یہ آئینی اور قانونی شرط ہے: ن لیگ

چیئرمین نیب کیلئے شہباز شریف سے مشاورت نہیں کرینگے: وفاقی حکومت، یہ آئینی اور قانونی شرط ہے: ن لیگ

شہباز شریف سے اگلے چیئرمین نیب کے بارے میں پوچھنے کا مطلب ملزم سے پوچھیں اس کی تفتیش کون کرے گا، بلاول نے الیکشن کیلئے 5،5کروڑکی پیشکش کی ، فواد ، مشاورت کے بغیر فیصلہ ہوا تو غیر قانونی ہو گا،حقیقت یہ ہے عمران نے شہباز شریف پر جھوٹے مقدمات بنائے ،ایک الزام بھی ثابت نہیں ہوسکا ا، ترجمان (ن)لیگ

جہلم( مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ نئے چیئرمین نیب کے لیے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے مشاورت نہیں کریں گے ۔جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے لوگ ہی نہیں، دونوں ٹوٹی ہوئی پارٹیاں ہیں جب کہ اگلے الیکشن میں تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ نیب نے شہباز شریف کو ملزم ڈیکلیئر کیا ہوا ہے لہٰذا یہ طے ہے کہ نئے چیئرمین نیب کے لیے شہبازشریف سے مشاورت نہیں کریں گے کیونکہ شہباز شریف سے اگلے چیئرمین نیب کے بارے میں پوچھنے کا مطلب ہے کہ ملزم سے پوچھیں کہ اس کی تفتیش کون کرے گا، وزیرقانون اور اٹارنی جنرل اس پرکام کررہے ہیں جو حل لے کر آئیں گے اس پر عمل کریں گے ۔فواد چودھری نے کہا کہ کسی سے ذاتی جھگڑا نہیں، الیکشن کمیشن کے ساتھ معاملات بہتر ہو رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی کوششوں سے تمام اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے نریندر مودی کو للکارا، ممبئی حملوں کے بعد پاکستان کے خلاف عالمی سازش شروع کی گئی، بھارتی جاسوس کلبھوشن کو گرفتار کیا تو نواز شریف نے کہا اس پر کمنٹ نہیں کرنا چاہتا، مودی کو شادی پر بلانے کے علاوہ نواز شریف نے کوئی کام نہیں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف جیسے سیاستدانوں کو اپنی ذات سے آگے کچھ نظر نہیں آتا، نواز شریف اور اشرف غنی ایک جیسی زندگی گزار رہے ہیں، دونوں عوام کی دولت لوٹ کر بیرون ملک بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا خطے کے اہم فیصلوں کیلئے عالمی قیادت وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسے لوگ حکمران رہ چکے ہیں جن میں کبھی اپنے پاؤں سے آگے دیکھنے کی صلاحیت ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔فواد نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی پی بکھر چکی ہیں، ن لیگ اور پی پی پی کا ٹکٹ لینے والا بھی کوئی نہیں ہے ، بلاول بھٹو نے جنوبی پنجاب کے دورہ کے موقع پر لوگوں کو پانچ پانچ کروڑ روپے کی آفر کی کہ ہمارے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے حکومتیں صرف لیڈروں سے اپنے تعلقات بناتی تھیں، عمران خان عالمی سطح پر عوام سے بات کرتے ہیں، ہم نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے حوالے سے حقائق سامنے لائے تو انگلش کرکٹ ٹیم اور انگلش کرکٹ بورڈ پر دباؤ پڑا، انگلش وومن ٹیم بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے جبکہ برطانیہ کے وزیراعظم نے بھی ناراضی کا اظہار کیا ہے ، یہ پبلک ڈپلومیسی کی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پی ایم ایل این کا یہ آخری الیکشن ہوگا، اس کے بعد یہ الیکشن لڑنے کی پوزیشن میں ہی نہیں ہوں گے ، عمران خان اور تحریک انصاف بھاری اکثریت سے حکومت بنانے جا رہے ہیں۔ شمالی پنجاب کے سب سے بڑے روڈ پراجیکٹ کا وزیراعظم نومبرمیں افتتاح کرینگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں