پارٹی میں اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن سربراہ صرف نواز شریف : مریم
حمزہ اور میں ایک ، دل سے شہبازشریف کی خدمات کی معترف ہوں ، وقت ایک جیسا نہیں رہتا ، ہم وقت بدلتا دیکھ رہے ہیں، اجلاس سے خطاب
لاہور (اپنے سیاسی رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز اور میں ایک ہی ہیں ،پارٹی میں اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن سر براہ صرف نوازشریف ہی ہیں ۔ساہیوال ڈویژن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہم نے 2018کے الیکشن میں ساہیوال میں صرف ایک سیٹ ہاری۔میں آج بھی آپ کے چہرے پر جیت اور کمٹمنٹ کا جذبہ اور چمک دیکھ رہی ہوں۔یہ چمک صرف ان چہروں پر رہتی ہے جو اپنی قیادت سے وابستہ رہتے ہیں اور اپنے نصب العین سے نہیں ہٹتے ۔کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں ڈکٹیٹر شپ کے دور سے زیادہ برے حربے استعمال ہوئے ۔لیکن ہمیں بڑی کامیابی ملی۔ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ اس ملک کو غلط ہاتھوں میں نہ جانے دیں۔قدرت کا اصول ہے وقت ایک جیسا نہیں رہتا اور ہم وقت بدلتا دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا اس کو حکومت مل گئی لیکن عزت نہیں ملی۔الیکشن کمیشن پر حملے اس لیے کررہے ہیں کہ ان کے پول کھلنے کا ڈر ہے ۔عدلیہ سے بھی ایسی ہی آوازیں آرہی ہیں۔الیکشن کمیشن پر غصہ صرف اپنی چوریاں چھپانے کے لئے نکالا جارہا ہے ۔حمزہ شہباز کے لئے دل سے دعاگو ہیں بہت اچھے انسان ہیں ،ہماری سوچ ،آرا اور طریقہ کار مختلف ہوسکتا ہے لیکن ہم سب اس بات پر سکہ بند حقیقت ہے اور متفق ہیں کہ ہمارے گھر اور جماعت کا سربراہ صرف نوازشریف ہے ۔میں دل سے شہبازشریف کی خدمات کی معترف ہوں۔ مسلم لیگ(ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز نے کہا کہ آج میں بہت سارے ایسے چہرے دیکھ رہا ہوں جو تحریک نجات سے وابستہ ہیں۔اس حکومت نے چادر چاردیواری کا تقدس پامال کیا۔تھانے کچہریاں بھی ہم نے بھگتی ۔12 اکتوبر کو منتخب وزیراعظم پر جھوٹا مقدمہ بناکر چلتا کیا گیا لیکن اس حکومت کا انتقام اس سے کہیں زیادہ ہے ۔چوری شدہ مینڈیٹ کی حکومت نے جو انتقام لیا وہ تحریک نجات سے کہیں زیادہ ہے ۔آئندہ الیکشن میں 2018والی غلطیوں کو نہ بھولا جائے ۔