عدالت سیاسی معاملات میں کیوں پڑے ؟اسلام آبادہائیکورٹ
فیصلہ ہویاہم نوٹس کریں توکہتے ہیں پولیٹیکل انجینئرنگ کررہے :چیف جسٹس
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے سابق صدرآصف زردا ری اوروفاقی وزیر فواد چو دھری کیخلاف نااہلی کی درخواستوں پر آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل آف پاکستان کوعدالتی معاونت کی ہدایت کردی،آصف زرداری کیخلاف خرم شیر زمان کی درخواست پر فیصل چود ھری ایڈووکیٹ پیش ہوئے اورموقف اختیار کیاکہ فواد چود ھری کیس میں بھی پیروی کروں گا، عدالت نے کہا وزیراعظم پانچ حلقوں سے منتخب ہوئے ان کے خلاف بھی درخواست آگئی تھی،ہم نے وہ درخواست نہیں سنی، صرف نوٹس جاری کرنے کے بھی منفی اثرات ہوتے ہیں، آصف زرداری کیخلاف نیب فلیٹ کیس کی تحقیقات کر رہا ہے تو ہم کیوں یہ معاملہ دیکھیں؟، عدالت سیاسی معاملات میں کیوں پڑے ۔ یہاں سے فیصلہ ہو یا ہم نوٹس کریں توپھر کہتے ہیں پولیٹیکل انجینئرنگ کر رہے ہیں۔ عدالت نے کہاآئندہ سماعت پر فواد چود ھری اور زرداری نااہلی کیس کا فیصلہ کریں گے ، بعدازاں سماعت4 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔