امام حسینؓ چہلم،داتا گنج بخشؒ عرس ،لاہور میں آج تعطیل ، ڈبل سواری پرپابندی

 امام حسینؓ چہلم،داتا گنج بخشؒ عرس ،لاہور  میں آج تعطیل ، ڈبل سواری پرپابندی

حضرت امام حسینؓ کے چہلم اورحضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے سلسلے میں آج سکیورٹی الرٹ کردی گئی

لاہور(سٹاف رپورٹرسے ،اپنے سٹی رپورٹرسے ،اپنے نامہ نگارسے ،نمائندہ دنیا)حضرت امام حسینؓ کے چہلم اورحضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے سلسلے میں آج سکیورٹی الرٹ کردی گئی۔لاہورمیں آج مقامی تعطیل کااعلان کیاگیا ہے ،عرس کا آج دوسرا روز ہے ،ملک بھرسے عقیدت مندوں کی آمد کاسلسلہ جاری ہے ،محفل سماع کاانعقادبھی کیاگیا۔چہلم کے سلسلے میں آج سندھ میں ڈبل سواری اوراسلحے پر پابندی عائدکردی گئی۔تفصیل کے مطابق حضرت امام حسینؓ کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر لاہور میں آج چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے ۔عدالتیں، ضلعی حکومت،ایل ڈی اے کے دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔ وفاقی ادارے ،سول سیکرٹریٹ اورمنسلک ادارے کھلے رہیں گے ۔ادھر حضرت داتا گنج بخشؒ کے 978 ویں عرس کی تقریبات کا آج دوسرا روز ہے ۔ لاہور سمیت ملک بھر سے عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ داتا دربار میں خصوصی طور پر محفل سماع کا اہتمام کیا گیا ۔ صوبائی وزرا پیر سید سعید الحسن، میاں اسلم اقبال اور حافظ ممتاز بھی محفل سماع میں شریک ہوئے ۔دوسری جانب ڈی سی آفس لاہورمیں چہلم امام حسینؓ کے روایتی جلوس اور عرس داتا گنج بخشؒ کے لئے کنٹرول روم فعال کر دیا گیاہے ۔ چہلم کا جلوس حویلی الف شاہ سے باقاعدہ برآمد ہوگا اوراپنے مخصوص روٹس سے ہوتاہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گا ۔ کنٹرول روم کے انچارج علی مرتضیٰ نے کہاہے کہ حضرت داتا گنج بخش ؒ کے عرس کی مانیٹرنگ 40کیمروں سے کی جا رہی ہے ۔دوسری جانب لاہورمیں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائدکردی گئی ہے ۔بزرگوں اورخواتین کواستثنیٰ حاصل ہوگا۔علاوہ ازیں حکومت سندھ نے بھی چہلم امام حسینؓ کے موقع پر صوبہ میں آج موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اوراسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں