ڈالر تاریخ کی بلندترین سطح پر، 171.40روپے کا ہوگیا
5ماہ میں ڈالر 17 روپے 32 پیسے مہنگا ، روپے کی قدر میں 11فیصد گراوٹ
کراچی (بزنس رپورٹر ،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا،انٹر بینک میں 169.75روپے اور اوپن مارکیٹ میں 171.40روپے ہوگیا، گزشتہ 5 ماہ کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے میں 11فیصد گراوٹ دیکھی گئی اور ڈالر 17 روپے 32 پیسے مہنگا ہوا، فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 55پیسے مہنگا ہو ا جس سے ڈالر کی قیمت خرید169.10روپے سے بڑھ کر169.65روپے اور قیمت فروخت169.20روپے سے بڑھ کر169.75روپے ہو گئی، اسی طرح اوپن مارکیٹ میں 40پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 170.50روپے سے بڑھ کر171روپے اور قیمت فروخت171روپے سے بڑھ کر171.40روپے ہو گئی ،تاہم یورو کی قدر میں30پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یوروکی قیمت خرید 199.30روپے سے کم ہو کر199.50روپے اور قیمت فروخت201.30روپے سے کم ہو کر201روپے ہو گئی جبکہ50پیسے کی کمی سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت فروخت235.50روپے سے کم ہو کر235روپے پر آ گئی ۔ادھر عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت ایک ڈالرکی کمی کے بعد 1750ڈالرکی سطح پر ریکارڈ کی گئی،عالمی منڈی میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باوجود مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت50روپے اضافے سے 1لاکھ13ہزار550اوردس گرام سونے کی قیمت43روپے اضافے سے 97ہزار179روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1400روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔