کالعدم ٹی ٹی پی کاکمانڈر،داعش کے 2دہشتگردگرفتار

کالعدم ٹی ٹی پی کاکمانڈر،داعش کے 2دہشتگردگرفتار

مالاکنڈسے پکڑے گئے احسان اللہ کی گرفتاری پر20لاکھ انعام تھا افغانستان سے تر بیت یافتہ نسیم اورعیسیٰ کوکراچی میں گرفتار

پشاور،کراچی(بیورو رپورٹ،نیوز ایجنسیاں) محکمہ انسداد دہشتگردی نے وفاقی حساس ادارے کی مدد سے کراچی سے کالعدم تنظیم داعش کے 2 دہشتگرد اور مالاکنڈ سے کالعدم ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈر کو گرفتار کرلیا۔ محکمہ انسداد دہشت گردی مالاکنڈ ریجن نے کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گرد احسان اللہ عرف طلحہ کو گرفتار کیا ہے جس کی گرفتاری پر صوبائی حکومت نے 20 لاکھ روپے انعام مقرر کیا تھا، دہشت گرد مالاکنڈ میں ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر تھا۔ ادھر انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کے مطابق کراچی کے علاقے ماڑی پور روڈ نیو ٹرک اڈے کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گردوں نسیم اللہ عرف نسیم اور محمد عیسیٰ عرف مولوی ادریس کو گرفتار کیا گیا ہے ، دونوں نے افغانستان کے علاقے شورآوک، برامچہ سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کی اور دونوں دہشت گرد ہر طرح کا اسلحہ چلانے اور بارودی مواد کے ذریعے دھماکا کرنے کے ماہر ہیں، نسیم اللہ کالعدم تنظیم داعش کے ہلاک دہشت گرد حفیظ پندرانی اور محمد صدیق کا داماد ہے ، نسیم اللہ 2013 میں عبداللہ بروہی کے کہنے پر کوئٹہ سے خضدار اسلحہ اور بارود سے بھری گاڑی لے کر گیا تھا، ہلاک دہشت گردوں کی بیٹیاں بھی اسلحہ وبارودکی نقل حرکت میں مدد کرتی تھیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں