فیڈرل بورڈ انٹر میڈیٹ نتائج : پنجاب کالجز کے طلبہ کی 5 ٹاپ پوزیشنز

فیڈرل بورڈ انٹر میڈیٹ نتائج : پنجاب کالجز کے طلبہ کی 5 ٹاپ پوزیشنز

پنجاب گروپ کی ارفع کامرس گروپ میں پہلے ، لائبہ دوسرے ، انجینئرنگ میں مرسلین اور میڈیکل میں شازیہ دوسرے نمبر پر رہیں ، میڈیکل گروپ کے عمر ، عزیز ، مہرین نے مجموعی طور پر 1098 نمبر لے کر ٹاپ کیا، انجینئرنگ میں غفران کی 1090لیکر پہلی پوزیشن ، 81988امیدوار، 80282کامیاب رہے ، تناسب 99.89فیصدرہا، وفاقی تعلیمی اداروں کا کوئی طالبعلم ٹاپ پوزیشن پر نہیں آ سکا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے انٹر میڈیٹ (ایچ ایس ایس سی) پارٹ ٹو کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا، مجموعی طور پر 81988امیدواران میں سے 80282کامیاب ہو ئے ، کامیابی کا تناسب 99.89فیصد رہا، پنجاب گروپ آف کالجز کے طلبا چھائے رہے اور مجموعی طور پر پانچ ٹاپ پو زیشنز حاصل کیں، وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں کا ایک بھی طالبعلم ٹاپ پوزیشن ہولڈرز میں جگہ نہیں بنا سکا۔ نتائج کے مطابق ہیو مینٹیز گروپ میں سیدہ امت الزہرہ 1051نمبر لیکر پہلے ، سیدہ نوشین زہرہ 1044نمبروں کے ساتھ دوسرے جبکہ صباحت بی بی1041نمبر لے کر تیسری پو زیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ پری میڈیکل گروپ میں عمر مقصود، عزیز عرفان، مہرین خالد 1098 نمبر لیکر پہلی ، معیذہ زاہد1094 نمبر لیکر دوسری جبکہ آریان عتیق، ونیزہ نعیم اور شائزہ ذوالفقار نے 1093نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پری انجینئرنگ میں غفران احمد طالب نے 1090نمبروں کے ساتھ پہلی، محمد مرسلین ، محمد حارث اور مصباح جویریہ نے 1089نمبر لیکر دوسری جبکہ شعیب احمد، جویریہ حاکم، عیشا ارشد ملک اور تعبیر ساجد نے 1088نمبروں کے ساتھ تیسری پو زیشن اپنے نام کی۔ سائنس جنرل گروپ میں حماس شاہد نے 1094نمبروں کے ساتھ پہلی، رافعہ اشرف نے 1087نمبروں کے ساتھ دوسری جبکہ محمد عزیر، ثوما مقبول اور مومنہ امجد نے 1083 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کامرس گروپ میں ارفع عمران نے 1084نمبر لے کر پہلی، لائبہ اسلم نے 1076نمبروں کے ساتھ دوسری اور اقرا یونس نے 1074نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ نتائج وفاقی تعلیمی بورڈ کے ویب سائٹ اور رول نمبر 5050 پر بھیج کر حاصل کئے جا سکتے ہیں۔امتحانات میں ستائیس طلبا کے خلاف غیر قانونی ذرائع استعمال کرنے کے کیسز درج کئے گئے جن کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ نتائج کی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود تھے ۔ پارلیمانی سیکر ٹری تعلیم وجیہہ قمر، ایڈیشنل سیکر ٹری محی الدین وانی، چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم خان ، پوزیشن ہولڈرز طلبا اور ان کے والدین و اساتذہ بھی موجودتھے ۔ شفقت محمودنے اس موقع پر خطاب میں پوزیشن ہولڈرطلبا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے والدین اور اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ حکومت نے کورونا وبا کے دوران تعلیمی شعبے میں بہت سے مشکل فیصلے کئے ، سب سے بڑا فیصلہ یہی تھا کہ اس مرتبہ امتحانات ہر صورت ہوں گے ۔ امید ہے آئندہ تمام تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے ، رٹہ سسٹم کو جڑ سے اکھا ڑ دیا ہے ، آئندہ برس جون میں سالانہ امتحانات ہوں گے ۔ قبل ازیں چیئرمین قیصر عالم خان نے وفاقی تعلیمی بورڈ میں اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی اور کہا تمام سرو سز آن لائن کر دی ہیں، ون ونڈو پر 5منٹ میں امور نمٹائے جا رہے ، ڈیجیٹل حاضری کا نظام پہلی مرتبہ متعارف کروایا ، امتحانی عملے پر دبائو کم کر دیا گیا ہے ۔ آئندہ امتحانا ت میں امیدوار کی حاضری لگتے ہی والدین کو موبائل فون پر میسج چلا جائے گا، ای شیٹ متعارف کرا دی ، 3کروڑ سوالات کے سوالنامے تیار کئے جا چکے ہیں۔ وفاقی تعلیمی بورڈ کے انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات میں پنجاب گروپ آف کالجز کے طلبا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مختلف گروپس میں پانچ ٹاپ پوزیشنز اپنے نام کر لیں۔ کامرس گروپ میں پنجاب کالج اٹک ریفا ئنری روڈ راولپنڈی کی ارفع عمران نے 1084 نمبر لے کر پہلی ، لائبہ اسلم نے 1076 نمبر لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ سائنس جنرل گروپ میں پنجاب کالج آف کامرس ، پشاور روڈ ، راولپنڈی کی طالبہ رافعہ اشرف نے 1087نمبر لے کر دوسری پو زیشن حاصل کی۔ پری انجینئرنگ گروپ میں پنجاب کالج آف سائنس ، بلیو ایریا اسلام آباد کے طالب علم محمد مر سلین نے 1089نمبر حاصل کر کے گروپ میں دوسری پو زیشن اپنے نام کی جبکہ پری میڈیکل گروپ میں پنجاب کالج ، اٹک ریفائنری روڈ ، راولپنڈی کی طالبہ شازیہ ذوالفقار نے 1093نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر دنیا سے گفتگو میں پوزیشن ہولڈر طلبا کا کہنا تھا کہ ان کی کامیابی میں پنجاب گروپ آف کالجز کے اساتذہ کا بہت ہاتھ ہے ، پنجاب کالج کا ماحول، اساتذہ کی محنت اور یہ کہ طلبا پر پڑھائی کا بوجھ نہیں ڈالا جاتا کہ اسے جو آتا ہے وہ بھی بھول جائے ، یہ تمام عوامل اس تعلیمی ادارے کو منفرد کرتے ہیں۔ ارفع عمران کا کہنا تھا کہ ان کی کامیابی میں اساتذہ اور والدین کا بہت ہاتھ ہے ،پنجاب کالج میں سلیبس پر اساتذہ بہت محنت کرتے ہیں اور بلا وجہ طلبا پر بوجھ نہیں ڈالا جاتا۔ کالج میں چیمپئن ٹیسٹ کا انعقاد باقاعدگی سے ہوتا تھا، فیکلٹی ممبران انتہائی قابل تھے ۔ محمد مر سلین کا کہنا تھا کہ ان کی کامیابی میں پنجاب کالج کا رول بہت اہم تھا، فیکلٹی نے ہر بچے کو اپنا سمجھ کر پڑھایا، ماحول انتہائی اچھا تھا اور کیمپس بھی سٹیٹ آف دی آرٹ تھا ، انہوں نے دل لگا کر پڑھائی کی اور ٹاپ پوزیشن ہولڈرز میں ہیں۔ وہ مستقبل میں نسٹ میں داخلہ لیں گے ۔ رافعہ اشرف نے بتایا کہ پنجاب کالج میں معیاری تعلیم کے علاوہ غیر نصابی سر گرمیوں کے باعث بھی طالبعلم بہت کچھ سیکھتا ہے ، ماحول بہت اچھا ہے ، پڑھائی کا بر ڈن نہیں ہوتا، پھرکورونا وبا کے دوران بھی کالج کی انتظامیہ نے وقت ضائع کئے بغیر آن لائن کلا سیں لیکر ہمیں اس قابل بنایا کہ آج ہم ٹاپ پو زیشن ہولڈرز میں ہیں۔ ڈائر یکٹر پنجاب گروپ آف کالجز پرو فیسر چودھری محمد اکرم کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے اللہ کا شکر بجا لاتے ہیں کہ پنجاب گروپ آف کالجز کے بچوں نے سابق روایت اور معیار بر قرار رکھتے ہوئے ٹاپ پوزیشنز حاصل کی ہیں۔ یقیناً یہ بچے مبارکباد کے مستحق ہیں ، اساتذہ اور والدین کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پنجاب کالجز مر بوط تعلیمی نظام کا نام ہے ۔ بہترین چیک اینڈ بیلنس ، بچوں کی ضروریات ، کیمپس میں اور آن لائن نظام تعلیم، جدید لیبارٹریز سمیت دیگر تمام سہولیات کی دستیابی سے اس تعلیمی ادارے کے بچے ہر سال ٹاپ پوزیشن ہولڈرز میں شامل ہوتے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں