پنجاب اسمبلی : قانون سازی کیلئے 7 مسودات پیش ، 2 بل منظور

پنجاب اسمبلی : قانون سازی کیلئے 7 مسودات پیش ، 2 بل منظور

رنگ روڈ اتھارٹی بل آج تک موخر کردیا گیا،وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن کی حکومتی کارکردگی پر تنقید ، غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کو ریگولرائز کرنے بارے کمیشن کے قیام کیلئے ترمیمی آرڈیننس قائمہ کمیٹی کو ارسال

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )پنجاب حکومت نے قانون سازی کے لئے 7مسودات قانون پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پیش کردئیے ،2 بل منظور کروالئے گئے ، رنگ روڈ اتھارٹی بل بریفنگ کے باعث آج تک کیلئے موخرکردیا گیا ، اپوزیشن نے حکومت کو شدید ہدف تنقید بنایا ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 39 منٹ کی تاخیر سے سپیکر پرویز الٰہی کی صدارت میں شروع ہوا ۔ وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن ارکان نے حکومتی کارکردگی پر تنقید کی ، وقفہ سوالات ختم ہوتے ہی لیگی رکن اسمبلی طارق گل نے کورم کی نشاندہی کر دی۔کورم پورا نہ ہونے پر سپیکر نے 5 منٹ کیلئے گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی ۔کورم پورا ہونے پر اجلاس کی کارروائی دوبارہ شروع کی گئی۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ارکان کے توجہ دلائو نوٹسز کے جواب دئیے ۔ ایوان میں غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کو ریگولرائز کرنے بارے کمیشن کے قیام کے لئے ترمیمی آرڈیننس ایوان میں پیش کردیا گیا جسے سپیکر پنجاب اسمبلی نے قائمہ کمیٹی کو ریفر کرتے ہوئے دوماہ میں رپورٹ طلب کر لی۔ اجلاس میں مسودہ ترمیمی قانون بورڈ آف ریونیو پنجاب 2021 ۔تحفظ، حفاظت ،بچائو اور انتظام جنگلی حیات پنجاب ترمیمی بل ، متروکہ املاک اور بے گھر افراد پنجاب ترمیمی بل 2021 ۔ پنجاب میڈیکل اینڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ ترمیمی بل 2021 ۔لاہور انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بل 2021 ۔مالیات پنجاب ترمیمی بل 2021 ایوان میں پیش کردئیے گئے ،سپیکر نے تمام مسودات قانون متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو ریفر کرتے ہوئے دو ماہ میں رپورٹ طلب کر لی ۔اسمبلی نے سٹامپ پیپر ترمیمی بل 2021 کثرت رائے سے منظور کر لیا ۔ نجکاری بورڈ پنجاب 2020 بل بھی ایوان میں منظور کرلیا گیا ۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر نے اجلاس آج 28 ستمبر بروز منگل دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں