ڈینگی کے وار : پنجاب میں 44 نئے مریض ، خاتون پروفیسر جاں بحق
لاہور12،راولپنڈی 18،اٹک 4،وہاڑی 3،ملتان میں ایک مریض رپورٹ، 1126 کنفرم کیسز سامنے آچکے ، بیدیاں روڈکالج کی نتاشہ آصف الائیڈہسپتال فیصل آبادمیں زیرعلاج تھیں،رواں سال ڈینگی سے دوسری ہلاکت
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )پنجاب میں ڈینگی کے وارجاری ہیں۔ 44نئے مریض سامنے آگئے ،راولپنڈی میں 18،لاہور12،اٹک 4،وہاڑی 3،ملتان میں ایک مریض رپورٹ ہوا۔خاتون پروفیسرجاں بحق ہوگئیں۔بیدیاں روڈ کالج کی اسسٹنٹ پروفیسرنتاشہ آصف فیصل آباد ہسپتال داخل تھیں۔رواں سال ڈینگی سے یہ دوسری ہلاکت ہے ۔تفصیل کے مطابق صوبہ بھر سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 44 جبکہ لاہور سے 12 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ سیکرٹری ہیلتھ عمران سکندر بلوچ نے کہاہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی سے 18، اٹک سے 4 اور وہاڑی سے ڈینگی کے 3 مریض رپورٹ ہوئے ۔ شیخوپورہ، فیصل آباد، چکوال، جھنگ، ملتان، خانیوال اور اوکاڑہ سے ڈینگی کا 1،1مریض رپورٹ ہوا۔ رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے 1126 ،لاہور سے 917 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں۔صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 88 مریض داخل ہیں۔ لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 51 مریض داخل ہیں۔ گنگارام میں 8، ڈاکٹرز ہسپتال اور جناح ہسپتال میں 6،6 جبکہ گھرکی ٹرسٹ ہسپتال میں 5 ،جنرل ہسپتال میں 4 ، فاروق ہسپتال، میو ہسپتال، عمر ہسپتال اور سروسز ہسپتال میں 3،3 مریض،حمید لطیف ہسپتال میں 2 ، سنٹرل پارک ٹیچنگ ہسپتال اور یونیورسٹی آف لاہور ٹیچنگ ہسپتال میں ڈینگی کا 1،1 مریض داخل ہے ۔ ایور کیئر، فاطمہ میموریل، گلاب دیوی، ہاسپٹل وہاڑی، شالیمار ہسپتال اور عادل ہسپتال میں بھی ڈینگی کا1،1 مریض داخل ہے ۔ راولپنڈی کے ہسپتالوں میں 29 ،سرگودھا میں 3 اور نشتر ہسپتال ملتان میں ڈینگی کے 2 مریض داخل ہیں۔بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال فیصل آباد اور اٹک میں بھی ڈینگی کا1،1 مریض داخل ہے ۔دریں اثناگورنمنٹ خواتین کالج بیدیاں روڈلاہور کی اسسٹنٹ پروفیسر فیصل آباد میں ڈینگی بخارسے جاں بحق ہوگئیں۔ذرائع کے مطابق نتاشہ آصف شعبہ بیالوجی میں اسسٹنٹ پروفیسر تعینات تھیں۔ وہ فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔یہ رواں سال ڈینگی سے دوسری ہلاکت بتائی جارہی ہے ۔