انسداد بدعنوانی حکمت عملی موثر اور کامیاب :چیئرمین نیب
وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کا اعتراف عالمی اداروں نے بھی کیا ، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ، اسے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں :جاوید اقبال
اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم کے میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے نیب کی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی انتہائی موثر اورکامیاب رہی جس کا اعتراف معتبر ملکی اور بین الاقوامی اداروں نے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے ۔ اسے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں ۔ نیب نے 179 میگا کرپشن مقدمات میں سے 93 بدعنوانی کے ریفرنس معزز احتساب عدالتوں میں دائر کئے جبکہ66 ریفرنسز کو قانون کے مطابق نمٹا یا گیا ۔اس وقت نیب کے 1278بدعنوانی کے ریفرنسز زیرسماعت ہیں جن کی کل مالیت 1305ارب روپے سے زائد ہے ، چیئرمین نیب نے تمام ڈی جیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیاست دان ، بزنس مین ، بیورو کریسی اور معاشرے کے دیگر افراد جب نیب میں آتے ہیں تو ان کی عزت نفس کا خیال ر کھیں کیونکہ نیب ایک انسان دوست ادارہ ہے ۔نیب کی موجودہ قیادت نے احتساب عدالتوں میں 600کرپشن ریفرنسز دائر کئے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے ۔ پاکستان سارک ا ینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین ہے جو کہ نیب کی کوششوں کے باعث پاکستان کی بڑی کامیابی ہے ۔