پاک سعودی تعلقات کی گہرائی کوئی نہیں ناپ سکتا:گورنر سرور
پاکستان امن کیساتھ اور دہشت گردی کیخلاف کھڑا :گفتگو ، مسجد نبوی میں حاضری
لاہور(سیاسی رپورٹرسے )گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے در میان تاریخی اور مضبوط ترین تعلقات ہیں ،کوئی بھی ہمارے تعلقات کی گہرائی کو نہیں ناپ سکتا ہم ایک دوسرے کیساتھ کھڑے ہیں ۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان امن کیساتھ اور دہشت گردی کے خلاف کھڑا ہے ۔ وہ سعودی حکومت کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب مسجد نبوی میں حاضری کے بعد میڈیا اور سعودی عرب میں بسنے والے پاکستانیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔گور نر پنجاب نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات معاشی، سیاسی، سکیورٹی اور فوجی تعاون پر مبنی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ دونوں برادر ملکوں کے تعلقات آزمودہ ہیں اور یہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان پر جب بھی مشکل وقت آتا ہے تو سعودی حکومت اور عوام پاکستان کا بھر پور ساتھ دیتے ہیں ۔ چودھری محمدسرور نے کہا کہ سعودی اور پاکستانی بھائی بھائی ہیں کوئی شک نہیں کہ پاک سعودیہ تعلقات گہرے اور تاریخی ہیں دونوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان، سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا ۔