لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم آئی ایس آئی سربراہ ، فیض حمید کورکمانڈر پشاور

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم آئی ایس آئی سربراہ  ، فیض حمید کورکمانڈر پشاور

محمد سعید کراچی ،محمد عامر گوجرانوالہ کے کو ر کمانڈر، عاصم منیر کوارٹر ماسٹر جنرل،نعمان محمود صدر این ڈی یو،عاصم ملک ایڈجوٹنٹ جنرل مقرر ، ندیم انجم رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز سے تعلیم یافتہ،ضرب عضب میں بریگیڈ کمانڈکی ،ردالفساد میں آئی جی ایف سی تھے

لاہور، اسلام آباد(نیوز ڈیسک،خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)پاک فوج میں اہم تبادلے اور تقرریاں کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو آئی ایس آئی کا سربراہ مقرر کردیا گیا جبکہ ان کے پیش رولیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا ہے ،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج میں اعلیٰ سطح کی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دیدی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دیگر تبادلوں میں ایڈجوٹنٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ ، لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کو کور کمانڈرکراچی، کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوارٹر ماسٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی مقرر کیا گیا ہے ،میجرجنرل عاصم ملک کی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی ہوئی ہے جس کے بعد وہ پاک فوج کے ایڈجوٹنٹ جنرل تعینات کر دئیے گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے نئے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشن حاصل کیا ، کمانڈ، سٹاف اور انسٹرکشنل عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں،انہوں نے کمبائنڈ آرمرز سنٹر برطانیہ ، سٹاف کالج کوئٹہ، ایڈوانس سٹاف کورس یوکے ،این ڈی یو اسلام آباد اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈی یوکے سے گریجویشن کی۔ کنگز کالج لندن اور این ڈی یو سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ نئے ڈی جی آئی ایس آئی روایتی و نیم روایتی خطرات سے نمٹنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور مغربی سرحد، لائن آف کنٹرول (ایل او سی)اور بلوچستان میں کمانڈ کر چکے ہیں، وہ جنوبی وزیرستان ایجنسی میں انفنٹری بریگیڈ کی بھی کمانڈ کر چکے ہیں۔انہوں نے ضرب عضب کے دوران اس وقت کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی اور خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کی، وہ ردالفساد کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان بھی رہے ،لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ڈی جی آئی ایس آئی بننے سے قبل کور کمانڈر کراچی تعینات تھے ، باسکٹ بال اور کرکٹ ان کے پسندیدہ کھیل ہیں، وہ پی ایم اے ، سٹاف کالج اور این ڈی یو میں انسٹرکٹر بھی رہے ہیں، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے کمانڈنٹ اور کراچی کور کے چیف آف سٹاف بھی رہ چکے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں