چینی ساختہ وی ٹی 4ٹینک سٹرائیک فارمیشن میں شامل

چینی ساختہ وی ٹی 4ٹینک سٹرائیک فارمیشن میں شامل

دشمن پر برتری کیلئے حربی صلاحیتوں میں بہتری ناگزیر:آرمی چیف ، جنرل باجوہ کا گوجرانوالہ کا دورہ، وی ٹی 4ٹینک کا عملی مظاہرہ دیکھا

لاہور (نیوز ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز گوجرانوالہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سٹیٹ آف دی آرٹ چینی ساختہ وی ٹی4ٹینک کی سٹرائیک فارمیشن میں شمولیت کا مشاہدہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے وی ٹی 4 ٹینک کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا جوکہ ایک مضبوط حربی مشین ہے ۔ مضبوط حفاظتی ڈھانچے ، تیز نقل وحرکت اور غیر معمولی فائر پاور کی وجہ سے وی ٹی 4 ٹینک کا مقابلہ دنیا کے کسی بھی جدید ترین ٹینک سے کیا جا سکتا ہے ۔ خود کار ٹرانسمیشن سسٹم سے لیس اور گہرے پانی میں آپریشن کے صلاحیت کے حامل اس ٹینک کو سٹرائیک فارمیشنوں کا طاقتور ہتھیار قرار دیا جاتا ہے ۔ آرمی چیف نے وی ٹی 4 کے مربوط تربیتی سمیلیٹر کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر افسروں اور جوانوں سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ روایتی حربی صلاحیتوں میں بہتری دشمن پر برتری برقرار رکھنے اور جارحیت کو روکنے کیلئے ضروری ہے ۔ وی ٹی 4 ٹینک پاک چین سٹریٹجک تعاون اور دفاعی اشتراک کی ایک اور علامت ہے ، پاک فوج میں اس ٹینک کی شمولیت سے ہماری فارمیشنوں کی حربی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی جنگی حرکیات تقاضا کرتی ہیں کہ پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کیلئے سخت تربیت کیساتھ جدید ٹیکنالوجیز کے حصول پر بھی فوکس کیا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں