وفاقی کابینہ :رحمت للعالمینؐ اتھارٹی کے قیام کی منظوری
18 اداروں میں سی ای او ، ایم ڈی کی اسامیاں،افغانیوں کیلئے ویزا فیس ختم ، پیمرا شکایات کونسل کی تشکیل نو، ڈاکٹر قدیر کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی ، لاہور کے بعد صحت کارڈ کی تقسیم پنجاب بھر میں یقینی بنائی جائیگی،وزیر اعظم
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی)وفاقی کابینہ نے رحمت للعالمینؐ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی،پاکستان آنے والے افغانیوں کیلئے ویزا فیس اور 18 اداروں میں سی ای او ، ایم ڈی کی اسامیاں ختم کرنے اور پیمرا شکایات کونسل اسلام آباد کی تشکیل نو کی بھی منظوری دی گئی ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے کہا کابینہ نے رحمت للعالمینؐ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی ہے اس اتھارٹی میں بین الاقوامی سطح کے نامور مسلمان سکالرز شامل ہوں گے ۔ اتھارٹی سیرت النبیؐ کے مختلف پہلوؤں پر تحقیق کرے گی اور بچوں کی تربیت کے لئے سیرت النبیؐ کی تعلیمات کی روشنی میں نصاب تجویز کرے گی۔ اتھارٹی دنیا میں اسلام کا اصل تشخص اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کرے گی۔ معاشرے میں بڑھتے ہوئے جنسی جرائم کی روک تھام، اعتدال اور میانہ روی کے رجحان کو بڑھانے کے لئے کام کرے گی۔ وزیر اطلاعات نے بتایا اجلاس کے آغاز میں مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ انہوں نے بتایا وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق 15 سے زائد وزرانے جنازہ میں شرکت کی، چیئرمین سینیٹ، سپیکر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، پاک بحریہ کے سربراہ بھی نماز جنازہ میں موجود تھے ، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائی جاتی رہیں۔ انہوں نے بتایا کابینہ نے میسرز کے ٹو ایئر ویز (پرائیویٹ)لمیٹڈ اور میسرز ایئر سیال لمیٹڈ کو ہوا بازی کے لئے درکار لائسنسوں کے اجرااور تجدید کی منظوری دی ۔ کابینہ کو بتایا گیا اس وقت 80 اسامیاں خالی ہیں جن میں 44 اسامیوں پر مقابلے کے طریقہ کار کے مطابق تعیناتیاں کی جائیں گی جبکہ18 ادارے ایسے ہیں جن کی یہ اسامیاں ختم کی جا رہی ہیں۔ وزیر اطلاعات نے بتایا اسلام آباد پولیس میں مجمے سے نمٹنے کے لئے نیا یونٹ تشکیل دیا جائے گا جس میں خصوصی ٹیکنالوجی اور ڈرون کیمروں کا استعمال بھی شامل ہوگا۔انہوں نے کہا وفاقی کابینہ نے پیمرا کونسل آف کمپلینٹس اسلام آباد کی تشکیل نو اور سید محمد علی بخاری کو چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دی ہے ۔ کونسل ممبران میں مظہر برلاس، نعیم خان، نگہت سعید، بتول زین اور طلعت عظیم شامل ہیں۔ کابینہ نے سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکی اہلکاروں کے لئے آن لائن ویزا کی سہولت فراہم کرنے کی منظوری بھی دی ۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے افغانستان سے آنے والے باشندوں کے لئے پاکستانی ویزا کے حصول پر لاگو ویزا فیس ختم کرنے کی منظوری دی ۔ وزیر اطلاعات نے بتایا وفاقی کابینہ نے وفاقی حکومت کے زیر انتظام سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں میرٹ پر داخلہ کے لئے معیار اور ضابطہ کار کی منظوری دی۔وزیر اطلاعات نے کہا کابینہ نے سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لئے پاور آف اٹارنی کی دستاویزات کی آن لائن تصدیق کے طریقہ کار ،افغانستان کے تاجروں کی سہولت کے لئے پاکستان بزنس ویزا کی فہرست میں شمولیت کی منظوری دی ۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے صحت ، احساس اور کسان کارڈ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ،پسماندہ طبقے کیلئے صحت اور احساس کارڈ بڑا ریلیف فراہم کریں گے ۔منگل کو وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ہیلتھ کارڈ کی تقسیم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا پنجاب میں صحت کارڈ کی تقسیم کے دوسرے مرحلے کو جلد لاہور سے شروع کیا جائے گا ۔ وزیر اعظم سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے منگل کو ملاقات کی۔ گورنر نے وزیر اعظم کو بتایا بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں معروف سکالرز، مذہبی علما ومشائخ کو مدعو کیاجائے گا