بزدار کا جیل عملے، قیدیوں کیلئے ساڑھے 5 ارب کے پیکیج کا اعلان : سزاؤں میں 60 یوم کی کمی

بزدار کا جیل عملے، قیدیوں کیلئے ساڑھے 5 ارب کے پیکیج کا اعلان : سزاؤں میں 60 یوم کی کمی

کوٹ لکھپت جیل میں کیبل نیٹ ورک،جم اورفٹنس سینٹرکاافتتاح،مشینوں کامعائنہ،خودبھی ایکسرسائزکی ، ارکان اسمبلی سمیرااحمد،سعدیہ سہیل کی ملاقات،کچی آبادیوں کوریگولرکرنے کیلئے تجاویزکاجائزہ

لاہور،راولپنڈی(سیاسی رپورٹرسے ،نیوزرپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جیل عملے اور قیدیوں کیلئے ساڑھے 5 ارب روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان کردیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں کیبل نیٹ ورک، جم اور فٹنس سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خصوصی پیکیج کا اعلان کیا، انہوں نے ایکسر سائز مشینوں کا معائنہ کیا اور خود بھی ایکسر سائز کی، وزیراعلیٰ نے عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے قیدیوں کی سزا میں 60 یوم کی عام معافی کا اعلان بھی کیا، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا قیدیوں کو میٹرس، کمبل اور تکیہ رکھنے کی اجازت ہوگی، سخت سردی میں اسیران کیلئے تمام جیلوں میں گیزر نصب کئے جائیں گے ، جیلوں میں ایل سی ڈی ٹی وی پر کیبل نیٹ ورک کے ذریعے نیوز اور انٹرٹینمنٹ چینل دکھائے جائیں گے ۔ قیدیوں کی تیارشدہ مصنوعات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم ہر قیدی کو ماہانہ بنیاد پر دی جائے گی، ہر جیل کو ایمبولینس کی سہولت فراہم کریں گے ، تمام جیلوں کو بتدریج سولر انرجی پر منتقل کیا جائیگا، وزیراعلیٰ نے جیل ملازمین کی تنخواہوں و الاؤنسز کے ساتھ ایک اضافی بنیادی تنخواہ کے برابر پرزن سکیورٹی الاؤنس دینے کا اعلان کیا۔ اس پیکیج پر تقریباً 2 ارب 77 کروڑروپے خرچ ہوں گے ، انہوں نے جیل وارڈن، ہیڈ وارڈن اور چیف وارڈن کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سے اراکین پنجاب اسمبلی سمیرااحمد اورسعدیہ سہیل نے ملاقات کی، علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں کچی آبادیوں کو ریگولر کرنے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے کورونا اور ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وڈیو لنک پر تمام کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کے اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر صحت نے ڈینگی اور کورونا کے حوالے سے اچھے انتظامات پر کمشنرراولپنڈی کی کارکردگی کو سراہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں