گورنر سرور کی نائب صدر یورپی پارلیمنٹ، ارکان سے ملاقاتیں

گورنر سرور کی نائب صدر یورپی پارلیمنٹ، ارکان سے ملاقاتیں

ڈاکٹرفابیو سمیت دیگر ارکان کی جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع پرتعاون کی یقین دہانی ، بھارت کشمیریوں ، مسلم اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ، مذہبی آزادی یقینی بنائے ،اراکین

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )گور نر پنجاب چودھری سرور نے یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیو سمیت 11اراکین یورپی پار لیمنٹ سے ملاقات کی ۔پاکستان کے لیے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے لیے ڈاکٹر فابیو اور دیگراراکین نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اقلیتوں کے تحفظ اور افغانستان سمیت پورے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریب کی ۔بھارت پر کشمیر یوں ا ور بھارتی مسلمانوں کو مذہبی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔گور نر ہاؤس لاہور سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنرسرور نے دورہ یورپ کے دوران برطانوی پار لیمنٹ کے نائب صدرڈاکٹر فابیو ،جرمنی کے رکن یورپی پارلیمنٹ میکسی ملان کرے ،فرانس کے رکن یورپی پارلیمنٹ کیرکن نکولس بے ،یورپی پارلیمنٹ کے رکن ایمانیوئل فریگوس،برنارڈ گوئٹا،سپین سے جورڈی سول اورجویئرمارنو سے سمیت دیگر سے ملاقاتیں کیں ۔ ملاقاتوں کے دوران گورنر نے اراکین کو پاکستان میں اقلیتوں کے تحفظ اور مذہبی آزادی،بنیادی حقوق کی فراہمی اورافغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کے بارے میں بتایا ۔ یورپی اراکین پار لیمنٹ نے کہا کہ قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم سب پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں اور جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع یقینی طور پر پاکستان کا حق ہے ۔گور نر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یورپی اراکین پارلیمنٹ سے کامیاب ملاقاتیں رہی ہیں اور خوشی ہے کہ انہوں نے امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سرا ہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں