گیلانی، زرداری ،مشرف کیخلاف زیر التوا کیسز غیر موثر قرار
نرسزاورلیڈی ڈاکٹر کی نازیبا ویڈیو زبنانے والے ڈاکٹر کا14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ لاہور ہائیکورٹ نے سزائے موت کے 2قیدی 12سال بعد بری کر دئیے
لاہور (عدالتی رپورٹر،کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف 12سال پرانے زیر التوا کیسز کو غیر موثر قرار دے کر نمٹادیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس عائشہ اے ملک شامل تھے ۔واضح رہے کہ درخواستیں دائر کرنے والے شاہد نسیم، رانا علم الدین اور اللہ بخش انتقال کر چکے ہیں۔علاوہ ازیں ضلع کچہری نے نرسوں اور دیگر لڑکیوں کی نازیبا ویڈیو بنانے کے واقعہ میں ملوث جناح ہسپتال سے گرفتارڈاکٹر عبداللہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا۔ لاہور ہائی کورٹ نے دوہرے قتل کے جرم میں سزائے موت کے 2قیدیوں کو12سال بعد بری کردیا،مسٹرجسٹس صداقت علی خان اور مسٹرجسٹس شہرام سرور چودھری پرمشتمل ڈویژن بنچ نے ٹرائل کورٹ سے سزائے موت کی سزا پانے والے محمد رمضان اور عمر قید کے ملزم محمد عمران کو بری کرنے کاحکم دیاہے ۔ایک اور کیس میں لاہور ہائی کورٹ نے جسٹس مزمل اختر شبیر نے دیامیربھاشاڈیم کی تعمیر کی تفصیلات منظر عام پرلانے کی درخواست مزید سماعت کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کوواپس بھجواتے ہوئے کیس دوسرے بنچ میں فکس کرنے کی سفارش کردی۔ لاہور ہائیکورٹ نے لوکل میچز کے دوران سڑکیں بلاک کرنے کیخلاف درخواست پر عبوری حکم جاری کردیا ،عدالت نے فیصلہ میں کہاکہ آئندہ سماعت تک لاہور میں لوکل میچزکے دوران زیرو ٹریفک کی پالیسی پر عمل درآمد نہیں کیا جائے گا۔