فارن کرنسی ، حوالہ ہنڈی کے غیرقانونی کاروبار ، 2ملزم گرفتار

فارن کرنسی ، حوالہ ہنڈی کے غیرقانونی کاروبار ، 2ملزم گرفتار

نیئرشیخ کے لاہورسٹاک ایکسچینج دفتر،شعیب بٹ کے گھرسے کروڑوں کی کرنسی برآمد

لاہور (نمائندہ دنیا )ایف آئی اے لاہورکا غیر قانونی فارن کرنسی کا کاروبار کرنے والے نیئر شیخ کے لاہور سٹاک ایکسچینج آفس پر جبکہ حوالہ منڈی کے ملزم ،شعیب بٹ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ،کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی قبضے میں لے لی ۔ ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم نے غیر ملکی کرنسی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈائون شروع کر رکھا ہے تاکہ ڈالر کی بڑھتی قیمت کو کنٹرول کیا جائے ۔ ایف آئی اے کے مطابق نیئر شیخ کے لاہور سٹاک ایکسچینج میں قائم منی ایکسچینج کمپنی لنک انٹرنیشنل کے (غیر قانونی سیٹ اپ )اورگھر پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے بڑی مقدار میں ملکی و غیر ملکی کرنسی قبضے میں لے لی۔ٹیم نے موقع سے تمام الیکٹرونکس ڈیوائسز اور کھاتہ جات قبضہ میں جبکہ کیشئر سید علمدار زیدی کو حراست میں لے لیا ۔ ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی نیٹ ورک چلانے والے شعیب بٹ کے گھر جوہر ٹاؤن پربھی چھاپہ مارا جہاں پر ایف آئی اے ٹیم کو مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا ۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم شعیب بٹ گھر سے غیرملکی کرنسی کا غیرقانونی کاروبار کررہا تھا۔ملزم کے گھر سے بھاری مقدار میں ملکی وغیرملکی کرنسی و کھاتہ جات قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں