35 لاکھ درخواستیں زیر التوا، مزید گیس کنکشنز نہیں دے سکتے : سوئی ناردرن

35 لاکھ درخواستیں زیر التوا، مزید گیس کنکشنز نہیں دے سکتے :  سوئی ناردرن

اتنی گیس نہیں کہ سب کو کنکشن دئیے جائیں،ایس این جی پی ایل ، درآمد شدہ گیس پر انحصار بہت بڑھ گیا ،چیئرمین اوگرا ، موبائل کمپنیوں کا ٹاور کنٹریکٹرز کو ہراساں کرنیکا انکشاف، علی اعوان ہیلپ لائن کال کے چارجز لینے پر کمپنیوں پر برس پڑے

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،آن لائن)ملک بھر میں گیس میٹرز کی 35 لاکھ درخواستیں زیر التوا ہیں۔ اتنی گیس نہیں ہے کہ سب کو کنکشن دئیے جائیں۔ ایس این جی پی ایل نے مزید گیس کنکشنز دینے سے معذرت کرلی۔ موبائل کمپنیوں کا ٹاور کنٹریکٹرز کو بھی ہراساں کرنے کا انکشاف ہوا، کمپنیاں موبائل سگنلز کو بہتر کرنے میں مسلسل ناکام ،علی نواز اعوان ہیلپ لائن کال کے چارجز لینے پر موبائل کمپنیوں پر برس پڑے ۔ کمیٹی نے موبائل سگنلز، ٹیکسز، صارفین کو درپیش مشکلات پر الگ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔کشور زہرہ کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس ہوا۔ چیئرمین اوگرا کا کہنا تھا کہ قدرتی گیس کی قیمت کا تعین اوگرا سال میں دو دفعہ کرتی ہے ۔ مہنگائی عوام کی کمر توڑ رہی ہے ۔ گیس کی قیمتوں میں کمی نہیں آرہی روز بروز بڑھ رہی ہیں۔ آج سے پانچ سال پہلے ہم گیس درآمد نہیں کرتے تھے ۔درآمد شدہ گیس پرانحصار بہت بڑھ گیا ہے ۔ قانون بننے کے بعد پٹرولیم ایکٹ کا سہارا نہیں لینا پڑے گا۔ ایس این جی پی ایل نے 154 فیصد قیمت بڑھانے کا کہا ہے ہم نے 14 فیصد بڑھانے کی سفارش کی ۔ ممبر کمیٹی محمد ہاشم کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ اب حکومت کریگی۔ چوری میں آپ کے اپنے لوگ ملوث ہیں۔ قیمتیں کنٹرول کرنی چاہئیں یہ عوام کا مسئلہ ہے ۔چیئرمین اوگرا کا کہنا تھا کہ لوگ بل ادا نہیں کرتے ۔ ان کا بوجھ بل ادا کرنے والوں پرپڑتا ہے ۔سوئی گیس حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ کوئٹہ میں نان کسٹمر چوری کررہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں