ماحولیاتی تحفظ کیلئے مسلمان قائدانہ کر دار ادا کر یں :وزیراعظم

ماحولیاتی تحفظ کیلئے مسلمان قائدانہ  کر دار ادا کر یں :وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا نبی اکرمﷺ نے 15سوسال قبل کہا کہ زمین پر ہمارے اقدامات کے آئندہ نسلوں پر اثرات ہوتے ہیں

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا نبی اکرمﷺ نے 15سوسال قبل کہا کہ زمین پر ہمارے اقدامات کے آئندہ نسلوں پر اثرات ہوتے ہیں ،ہمیں اپنے اقدامات کے زمین پر پڑنے والے اثرات کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے ،اس لئے مسلمان ماحولیاتی تحفظ کیلئے قائدانہ کر دار ادا کر یں ،انہو ں نے اپنے ٹویٹ میں حضرت علی ؓ کے قول کو بھی نقل کیا کہ دنیا کیلئے ایسے کام کرو جیسے ہمیشہ رہنا ہے ،آخرت کیلئے ایسے جیسے کل مر جانا ہے ، دریں اثنا وزیراعظم کی زیر صدارت 12 ربیع الاول کی تقریب کی تیاریوں کے حوالے سے اعلٰی سطح کا اجلاس ہوا،عمران خان نے کہا پورے ملک میں 12 ربیع الاول شایان شان طریقے سے منایا جائے گا،پورے ملک میں اس حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی،اسلام آباد میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی تقریب ہوگی۔12 ربیع الاول کی مناسبت سے وزیر اعظم کی نجی رہائش گاہ بنی گالا کو بھی برقی قمقموں سے سجادیا گیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے قومی موسمیاتی تبدیلی اور وائلڈ لائف پالیسی 2021 کی منظوری دے دی، اس موقع پر انہوں نے کہا مارگلہ ہلز میں خصوصی زون کو چیتے کے تحفظ کا علاقہ قرار دیا جائے جبکہ مرغزار چڑیا گھرمیں وائلڈ لائف انفارمیشن سنٹربنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خاتمے کے حل کیلئے بین الوزارتی تھنک ٹینک کے قیام کی بھی منظوری دی گئی،وزیراعظم عمران خان نے کہا آج دنیا موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے نقش قدم پر چل رہی ہے ، دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں ترقی پذیرممالک کی مدد کرنی چاہیے ، مزید برآں گلگت بلتستان کے مربوط ترقیاتی منصوبے کی پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا گلگت بلتستان کو بہتر مواصلاتی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں،انہوں نے علاقے میں جلد سے جلد انٹرنیٹ رابطہ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں