کس ملک سے کیا تحفہ ملا ، حکومت نہ بتا کر کیوں شرمندہ ہورہی ہے : اسلام آباد ہائیکورٹ

کس ملک سے کیا تحفہ ملا ، حکومت نہ بتا کر کیوں شرمندہ ہورہی ہے : اسلام آباد ہائیکورٹ

حکمرانوں کو ملنے والے تحائف عوام کے ،اگر کوئی عوامی عہدہ نہ ہو تو کیا عہدوں پر بیٹھے لوگوں کو تحائف ملیں گے ؟ حکومت میوزیم میں کیوں نہیں رکھتی ، اگرکوئی دفاعی تحفہ ہوبے شک نہ بتائیں لیکن ہرتحفے کوپبلک کرنے پر پابندی کیوں؟بتائیں کتنے تحائف کا ایف بی آر سے تخمینہ لگوایا ؟جسٹس گل حسن

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات سے متعلق درخواست میں وفاق کی جانب سے ایک بارپھر مہلت کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی،دوران سماعت عدالت نے کہا اگر کوئی دفاعی تحفہ ہوبے شک نہ بتائیں لیکن ہر تحفے کو پبلک کرنے پر پابندی کیوں؟ اگر کسی ملک نے ہار تحفے میں دیا تو پبلک کرنے میں کیا حرج ہے ؟حکومت دیگر ممالک سے ملنے والے تحائف نہ بتا کر کیوں شرمندہ ہورہی ہے ؟حکمرانوں کو ملنے والے تحائف ان کے نہیں بلکہ عوام کے ہیں،اگر کوئی عوامی عہدہ نہ ہو تو کیا عہدوں پر بیٹھے لوگوں کو تحائف ملیں گے ؟ حکومت کیوں تمام تحائف کو میوزیم میں نہیں رکھتی؟ حکومت کو چاہیے گزشتہ دس سالوں کے تحائف پبلک کردے ،حکومت یہ بھی بتائے کہ کتنے تحائف کا ایف بی آر سے تخمینہ لگوایا ؟ کس ملک نے کتنی محبت سے کیا تحفہ دیا یہ بات عوام کو بتانے سے تعلقات کیسے خراب ہوں گے ؟ ،ادھراحتساب عدالت کے جج نے توشہ خانہ ریفرنس کے اشتہاری ملزم نواز شریف کی جائیدادنیلامی کے خلاف اعتراضات کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی،گزشتہ روز مریم نواز، عمیررزاق اوررانا مشتاق کی درخواستوں پر سماعت کے دوران نیب کے پراسیکیوٹر وسیم جاوید اوروکیل صفائی عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت نے سماعت20اکتوبر تک ملتوی کردی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں