جدید چینی ایئر ڈیفنس سسٹم پاک فوج کے حوالے

جدید چینی ایئر ڈیفنس سسٹم پاک فوج کے حوالے

نظام 100کلومیٹر سے زائد تک فضائی اہداف روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے ،آرمی چیف نے مشاہدہ کیا

راولپنڈی(اے پی پی)پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی ایئر ڈیفنس سنٹر کراچی کا دورہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے آرمی ایئر ڈیفنس سنٹر کراچی آمد پر شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں آرمی چیف نے جدید ترین چینی ساختہ ہائی ٹو میڈیم ایئر ڈیفنس سسٹم (HQ-9/P HIMADS)کی پاک آرمی ایئر ڈیفنس میں کمیشننگ کا مشاہدہ کیا۔ کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان نے آرمی چیف کو سٹریٹجک ہتھیاروں کے نظام کے بارے میں بریفنگ دی۔ ہائی ٹو میڈیم ایئر ڈیفنس سسٹم کی شمولیت سے پاکستان کی فضائی سرحدوں کی جامع اور انٹیگریٹڈ ایئر ڈیفنس (CLIAD)شیلڈ کو مزید تقویت ملے گی، یہ نظام مکمل طور پر ایک ڈیجیٹائزڈ سسٹم کے ذریعے مکمل طور پر مربوط ہے ۔ ہائی ٹو میڈیم ایئر ڈیفنس سسٹم سنگل شاٹ کِل امکان کے ساتھ 100 کلومیٹر سے زائد کی حدود میں ہوائی جہاز ،کروز میزائل اور حد نظر سے آگے کے ہتھیاروں سمیت متعدد فضائی اہداف کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ہائی ٹیک سسٹم کی شمولیت پاکستان کے فضائی دفاع کو ابھرتے ہوئے خطرے کے منظر نامے میں ناقابل تسخیر بنا دے گی۔ مادر وطن کے مجموعی دفاع میں فضائی دفاع کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اور آرمی ایئر ڈیفنس کے مابین مثالی ہم آہنگی ملک کے فضائی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیتی ہے ۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان چین سٹریٹجک شراکت داری اور دفاعی تعاون خطے میں استحکام کا عنصر ہے ۔ اس موقع پر چین کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں