پنڈی، وقارالنسا کالج کو یونیورسٹی کا درجہ، نالہ لئ ایکسپریس وے کی منظوری، دعوے نہیں کام کرتے ہیں: بزدار

پنڈی، وقارالنسا کالج کو یونیورسٹی کا درجہ، نالہ لئ ایکسپریس وے کی منظوری، دعوے نہیں کام کرتے ہیں: بزدار

یونیورسٹی میں پہلے مرحلے میں 4شعبے ، 1ارب فنڈ دیا جائیگا،دیرپا تبدیلیوں کیلئے ٹیم دن رات کوشاں ، سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائیگی، وزیراعلیٰ جام کمال سے بھی ملے

راولپنڈی ،لاہور(نیوزرپورٹر ،سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے راولپنڈی میں گورنمنٹ وقارالنسا پوسٹ گر یجوایٹ کالج برائے خواتین کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان جبکہ راولپنڈی کے لئے رنگ روڈ اور نالہ لئی ایکسپریس وے کی منظوری دے دی ۔آج میں راولپنڈی کے شہریوں اورا ن کے وکیل شیخ رشید احمد اور ارکان اسمبلی کو مبارکباد پیش کرتاہوں ۔یونیورسٹی میں پہلے مرحلے میں 4فیکلیٹیز قائم کی جائیں گی اور ابتدائی طورپر ایک ارب روپے کا فنڈ فراہم کیا جائے گا۔ وہ گورنمنٹ وقار النسا پوسٹ گر یجوایٹ کالج برائے خواتین راولپنڈی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ راولپنڈی کو پنجاب کا مثالی شہر بنایا جائیگا۔ تعلیم اورصحت کے شعبوں میں دوررس اور دیرپا تبدیلیاں لانے کیلئے میں اور میری ٹیم دن رات کوشاں ہیں ۔ہم محض بلندوبانگ دعوے کرنے کے قائل نہیں بلکہ کام کر کے دکھاتے ہیں۔ حکومت پنجاب اس سال ایک ارب روپے کے 29142 رحمت للعالمینؐ سکالر شپ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، غازی یونیورسٹی ڈی جی خان، اوکاڑہ یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، یونیورسٹی آف چکوال اور بہاؤالدین ذکریایونیورسٹی میں \"سیرت چیئر\" قائم ہوچکی ہے ۔ جس کے تحت محقیقین کو ریسرچ کیلئے معاونت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،جس میں پنجاب کی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت اوربحالی کے منصوبوں کا جائزہ لیاگیا۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے مرکزی شاہراہوں کی تعمیر ومرمت کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔اجلاس میں بلکسر، میانوالی، مظفر گڑھ 415 کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔عثمان بزدار نے کہا کہ میانوالی مظفر گڑھ روڈ کی تعمیر و توسیع سے عوام کو آمد ورفت میں آسانی ہو گی ۔ پنجاب میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے وزیر اعلیٰ پنجاب بزدار نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی گفتگوہوئی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے مل جل کر کام کریں گے ۔ دونوں رہنماؤں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ملکر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں