اعلیٰ تقرریاں،وفاق میں بحران کب ختم ہوگا:تھینک ٹینک
حکومت کا موقف اصولی، ایازامیر،معاملہ اتنا آسان نہیں،سلمان غنی ، بیان بازی بگاڑ کی وجہ،حسن عسکری، مسئلہ جلد حل ہوجائیگا،خاورگھمن
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )قومی منظر نامے پر کشیدگی کی وجوہات کا نتیجہ کیا نکلے گا ؟ اسلام آباد میں جاری بحران کا خاتمہ کب تک ممکن ہے ؟ اعلیٰ سطح تقرریوں کے حوالے سے حکومت کنفیوژن کا شکار کیوں ہے ؟ کیا عمران خان بھی سول بالادستی کے خواہاں ہیں؟ پروگرام ‘‘تھینک ٹینک ’’ کی میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا ہے کہ یہ بحران حکومت کا پیدا کردہ نہیں ہے ،کچھ بات اشاروں کنایوں میں ہی رہنے دیا کریں ۔یہ سارا مسئلہ پی ٹی آئی نے نہیں پیدا کیا ۔یہ تنائو خواہ مخواہ کا ہے ۔اس میں کچھ عجلت سے کام لیا گیا ۔عامر ڈوگر نے اس معاملے میں کلہاڑا چلایا ۔اگر کوئی اور حکومت ہوتی تو ہل جاتی ،یہ تو سکون سے ہے ،حکومت اصولی پوزیشن پر ہے ۔دنیا نیوز کے ایگزیکٹو گروپ ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا جس ادارے کی سربراہی کا مسئلہ ہے وہ قوم کا فخر ہے ۔مسئلہ عجلت اور جلد بازی میں ہوا ہے تواب تک حل ہوجانا چاہئے تھا ،دو حرفوں میں بات کی جائے تو مسئلہ یہ ہے کہ بندہ تمہارا ،وقت ہمار ا ۔پہلے ایسے معاملات نہیں ہوتے تھے ۔2 آئی ایس آئی چیف اسی حکومت میں لگے ہیں ،پہلے تو ایسا نہیں ہوا ،حکومت کا کل آتا نظر نہیں آرہا ۔اس معاملے کو جتنا آسان لیا جارہا ہے اتنا آسان ہے نہیں ۔ماہر سیاسیات ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ اس معاملے پر بیان بازی کی ضرورت نہیں تھی ۔معاملہ بیان بازی سے ہی بگڑا ہے ۔اس پر تاخیر نہیں کرنی چاہئے ۔تاخیر کی وجہ سے زیادہ مسئلہ پیدا ہوا ، گورننس اور مینجمنٹ کی وجہ سے ایشو پیدا ہوا ہے ۔دنیا میں جہاں پروفیشنل ملٹری ہوتی ہے ، کہیں بھی یہ پسند نہیں کیا جاتا کہ انٹرنل تقرریوں اور تبدیلیوں میں کوئی مداخلت کرے ۔اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیوروچیف خاور گھمن نے کہا فواد چودھری کا روز بیان آتا ہے کہ یہ مسئلہ حل ہوجائے گا تو ہم عوام کو بتا دیں گے ۔وزرا کی طرف سے بتا دیا گیا ہے کہ کیا ایشو ہے ۔کچھ لوگوں کیلئے بڑا مسئلہ ہے لیکن یہ جلد حل ہوجائے گا ۔آئی ایس آئی کی ایک تاریخ ہے ۔ماضی میں تنازعات رہے ،معاملہ حل ہوجائے گا،اسے نارمل لینا چاہئے ۔