قرآن لازمی مضمون ، ضلعی سی ای اوز کو سکولوں کے دورے کا حکم

قرآن لازمی مضمون ، ضلعی سی ای اوز کو سکولوں کے دورے کا حکم

سیکرٹری عدالت کو بتائیں گے کلاس کیلئے کتنے پیریڈ مختص کیے گئے ، لاہور ہائیکورٹ ، 3نومبر کو سیکرٹری تعلیم اور ایم ڈی، پی سی ٹی بی عمل درآمد رپورٹ سمیت طلب

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کونصاب کا لازمی مضمون قرار دینے سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے حوالے سے پنجاب کے ہر ضلع کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو تمام سرکاری اور نجی سکولوں کا دورہ کرنے کا حکم دیدیا ۔عدالت نے 3نومبر کو سیکرٹری تعلیم اور پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کو عمل درآمد رپورٹ سمیت طلب کرلیا۔جسٹس شاہد وحید اور جسٹس محمد اقبال پر مشتمل بینچ نے تین صفحات پر مشتمل عبوری حکم جاری کیا ۔جسٹس شاہد وحید نے قراردیاکہ تمام سکولوں میں قرآن پاک کو لازمی مضمون کے طور پر پڑھانے سے متعلق عدالتی حکم پر عمل کیا جائے ۔ سیکرٹری سکول عدالت کو بتائیں گے کہ قرآن پاک کی کلاس کے لیے کتنے پیریڈ مختص کیے گئے ؟بتایا جائے کہ قرآن پاک کی تعلیم کے لیے کتنے اساتذہ مختص کیے گئے ہیں اور انکی تعلیمی قابلیت کیا ہے ؟ بتایا جائے کہ سکولوں میں پڑھائی جانے والی کتابیں پنجاب کریکلم ٹیکسٹ بورڈ سے منظور شدہ ہے یا نہیں ؟ سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے عدالتی حکم پر رپورٹ جمع کرائی۔ سیکرٹری تعلیم نے جواب میں کہاکہ عدالتی حکم پر صوبے بھر کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں قرآن کو نصاب کا لازمی مضمون قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ جسٹس شاہدوحید نے کہاکہ کیا نو ٹیفکیشن پر مکمل عمل درآمد ہوا یا صرف آنکھوں کا دھوکہ ہے ؟ سیکرٹری تعلیم نے کہاکہ نوٹیفکیشن پر مکمل عملدرآمد کیا گیا۔دوران سماعت پنجاب کریکلم ٹیکسٹ بورڈ کے ایم ڈی نے جواب عدالت میں جمع کروادیا ۔ایم ڈی، پی سی ٹی بی نے جواب میں کہاکہ پی سی ٹی بی میں چیئرمین کی پوسٹ خالی ہے اور وہ بطور قائم مقام چیئرمین کام کر رہے ، کلمہ شہادت کی غلط پرنٹنگ کے معاملے کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، متعلقہ اتھارٹیز کو پرنٹنگ درست کرنے کی ہدایت کی ہے ۔عدالت نے پی سی ٹی بی کے ایم ڈی کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دے دی۔عدالت نے پنجاب کے ہر ضلع کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو تمام سرکاری اور نجی سکولوں کا دورہ کرنے کا حکم دیدیا ۔جسٹس شاہد وحید نے قراردیاکہ ضلع کا چیف ایگزیکٹو دورے کے بعد رپورٹ تیار کرے گا کہ قرآن پاک کو لازمی مضمون کے طور پر پڑھایا جا رہا ہے یا نہیں ؟یہ ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے جو ناصرف آئینی ذمہ داری سے جڑا ہے بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے بھی ضروری ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں