ایل پی جی، ٹماٹر، گھی سمیت 22اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں :ہفتہ وار رپورٹ
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کر دیئے ، ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.20 فیصد اضافہ ہو گیا
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی، این این آئی) مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 12.66 فیصد تک اور کم آمدنی والوں کیلئے مہنگائی کی شرح 14.12 فیصد تک پہنچ گئی۔ اس دوران آٹا 20کلو گرام تھیلے کی قیمت کم از کم 1100روپے اور زیادہ سے زیادہ 1500روپے تک رہی۔ چینی کی قیمت 90روپے سے 110روپے فی کلو گرام تک رہی۔ ایک ہفتے میں جن 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ان میں 5کلو گرام گھی کا ڈبہ 13روپے ، ایل پی جی سلنڈر43.96روپے ، ٹماٹر 10.67روپے ، سرسوں کا تیل10.09روپے ، چائے کا کپ0.65روپے ، واشنگ پاؤڈر 250گرام 1روپیہ، آلو49پیسے ، ایک پاؤ گھی 2.99روپے ، 2.5کلو گرام گھی کا ڈبہ 6.90روپے ، کپڑا2روپے میٹر، جلانے کی لکڑی فی من3.76روپے ، چھوٹا گوشت4.49روپے ، لہسن78پیسے ، چاول 71 پیسے ، کپڑا36پیسے ، بڑا گوشت94پیسے ، مردانہ کپڑا1رو پیہ میٹر، باسمتی چاول10پیسے ، گڑ10پیسے کلوگرام شامل ہے ۔ جن10اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں چینی 11.76روپے ، انڈے 6.65روپے ، دال مونگ 5.12روپے ، پیاز 0.82روپے ، مرغی 3.85روپے ، دال چنا 1.38روپے ، کیلا61پیسے درجن، 20کلو گرام آٹے کا تھیلا 11.09روپے ، دال مسور1روپے ، دال ماش 1.36روپے شامل ہے ۔ ایک ہفتے کے دوران 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔