مہنگی چینی پر شوگرملز مالکان کیخلاف مقدمات ،2گرفتار

مہنگی چینی پر شوگرملز مالکان کیخلاف مقدمات ،2گرفتار

دیگر مالکان کی گرفتاری کیلئے چھاپے ، زائد قیمت پر کارروائی ہو گی ،چیف سیکرٹری ، مطالبات نہ مانے تو یکم نومبر سے کرشنگ شروع نہیں کریں گے ، شوگر ملز مالکان

لاہور (اپنے نامہ نگارسے ، اکنامک رپورٹر) پنجاب حکومت نے مہنگی چینی کی فروخت میں ملوث شوگر ملوں کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے چنار شوگر ملز فیصل آباد،شکر گنج شوگر ملز جھنگ اورپسرور شوگر ملز گوجرانوالہ کے مالکان اور انتظامیہ کیخلاف مقدمات درج کر لئے ۔مالک چنار شوگر ملز جاوید کیانی، شکر گنج شوگر ملز کے مالک پرویز احمد، جنرل منیجر کین منظور حسین ملک اور جنرل منیجر ایڈمن حسین ملک کوگرفتار کر لیا گیا جبکہ پسرور شوگر ملز کے مالکان کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے ۔چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا کہ قانون شکنی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی مقررہ سے زائد قیمت پر فروخت کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی اور ایکس مل قیمت 84.75 اورریٹیل 89.75روپے فی کلو گرام سے زائد پر فروخت کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔دوسری جانب شوگر ملز ایسوسی ایشن نے شوگر ملز مالکان کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبات نہ مانے گئے تو وہ یکم نومبر سے کرشنگ شروع نہیں کریں گے ۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ذکا اشرف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کرنے سے پہلے بات چیت کریں۔ مالکان کو بلا جواز پکڑا جا رہا ہے ، پندرہ ، پندرہ ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے ،ملکی صنعت میں جو اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرتا ہے اس کے ساتھ ایسا نہ کریں۔ انصاف سب کے لیے برابر ہوتا ہے ، آپ کو سب کے لیے برابر سوچنا چاہیے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان کی شوگر انڈسٹری گزشتہ کافی عرصے سے لاتعداد مشکلات سے دوچار ہے ۔ ہم حکومت سے کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں چاہتے ، ہم حکومت سے مل کر چلنا چاہتے ہیں۔ہماری شوگر انڈسٹری میں 80 کاروباری گروپس ہیں ان کا کسی قسم کی سیاست سے تعلق نہیں ہے ۔ ہم نے لاتعداد طریقوں سے حکومت کے اعلیٰ حکام سے بھی ملنے کی کوشش کی ہے لیکن ابھی تک ہمیں وہاں سے وقت نہیں ملا ۔ ان کا کہنا تھا حکومت بار بار ٹینڈر کر کے منسوخ کر رہی ہے چینی کی قیمتیں بھی بڑھیں گی اور عوام کو تکالیف سے دوچار ہونا پڑے گا ۔حکومتی اہلکار سوشل میڈیا پر کاشتکاروں کو گُڑ بنانے کی ترغیبات دے رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں