نبی کریم ؐ کی زندگی میں فلاح کا راز پوشیدہ ،چیف جسٹس

نبی کریم ؐ کی زندگی میں فلاح کا راز پوشیدہ ،چیف جسٹس

ہمارے سامنے بھلائی اوربدی کے دوراستے ہیں،ہمیں اسوہ حسنہ کو اپنانا ہو گا ، جوڈیشل اکیڈمی میں سیرت النبیﷺ سیشن سے خطاب، رقت آمیز مناظر

لاہور(کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹرجسٹس محمد امیر بھٹی نے کہاہے کہ ہمارے نبی ﷺکی زندگی میں ہی ہماری فلاح کا راز پوشیدہ ہے ، ہمیں اپنی زندگیوں کا موازنہ کرنے کی ضرورت ہے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں سیرت النبی ﷺ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چیف جسٹس نے مزید کہا کہ آج ہمارے سامنے بھلائی اور بدی کے راستے موجود ہیں، ہمیں دیکھنا ہے کہ ہمارے نبی کریم آقائے دوجہاں ﷺ کا راستہ کس جانب لے کر جارہا ہے ،اسوہ حسنہ کی پیروی کرتے ہوئے ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کرسکیں گے ۔ ہم اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ پروردگار ہمیں ہمارے آقا ؐکے سامنے رسوا نہ کرنا، ہمیں سوچنا ہوگا کہ اس وقت ہمارا کیا حال ہوگا جب بروزِ محشر آقا ؐ کے سامنے ہمارا حساب لیا جائے گا، ہمارا رب العزت ہمیں ہمارے پیغمبر آقا ؐکے سامنے سرخرو فرمائے ،جامعہ اشرفیہ کے امیر مولانا فضل الرحیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم مختلف بیماریوں کا شکار ہیں اور انکے علاج دریافت کررہے ہیں لیکن ہماری سب سے بڑی بیماری ہمارے دلوں میں موجود گندگی ہے ،نبی کریم ﷺکی سیرت پر عمل کرتے ہوئے ہم اپنے دلوں کو ایمان کے نور سے منور کر سکتے ہیں،ہمارے نبی کریم آقا ؐ کی بعثت کا پہلا مقصد قرآنِ کریم کی تلاوت کو بہترین انداز میں ادا کرناتھا لیکن ہم قرآنِ پاک کی تلاوت کرتے وقت تجوید کا خیال نہیں رکھتے جس کی وجہ سے پورا معنی تبدیل ہوجاتا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تشریف آوری کا دوسرا مقصد قرآن کی تعلیم ہے ، ہمارے پیغمبر ؐنے ہر لمحہ قرآن کی تعلیم دی ہے جبکہ بعثتِ نبوی ؐ کا تیسرا مقصد تذکیہ نفس ہے ۔ آپ ؐ نے اللہ تبارک و تعالیٰ کے پیغام کی مدد سے لوگوں کے دلوں کے اندر موجود بیماریوں کو ختم کیا۔انہوں نے کہا کہ سرورِ دوعالم آقا ؐ کی بعثت کا چوتھا مقصد جو قرآن میں بیان کیا گیا ہے ، وہ حکمت ہے ، لیکن آج ہم حکمت و تدبر سے بہت دور ہو چکے ہیں، ہمیں اپنا محاسبہ کرتے ہوئے دیکھنا ہوگا کہ ہم سیرت النبی ﷺپر کتنا عمل کرتے ہیں، اسوہ حسنہ کو اپنی زندگی میں کتنا شامل کرتے ہیں،سیشن کے دوران رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں